1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما سیئول پہنچ گئے، جوہری ہتھیاروں میں کمی پر رضامندی متوقع

26 مارچ 2012

جنوبی کوریا میں جوہری تحفظ کے حوالے سے عالمی کانفرنس کا آغاز آج پیر کے روز سے ہو رہا ہے۔ اس دو روزہ سمٹ میں شرکت کے لیے امریکی صدر باراک اوباما سمیت دنیا کے قریب 50 رہنما سیئول پہنچے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/14S2I
تصویر: Reuters

امریکی صدر سیئول سمٹ کے آغاز سے قبل ایک یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اوباما اس بات پر اپنی رضا مندی ظاہر کریں گے کہ امریکا اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی جوہری اسلحے کے ذخیرے میں کمی کر سکتا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے وائٹ ہاؤس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اوباما رواں برس مئی میں روسی صدر سے ملاقات کے دوران یہ معاملہ اٹھائیں گے۔

جنوبی کوریا کے صدر لی میون بَک، صدر اوباما کا استقبال کرتے ہوئے
جنوبی کوریا کے صدر لی میون بَک، صدر اوباما کا استقبال کرتے ہوئےتصویر: dapd

امریکی صدر باراک اوباما کے خطاب کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا :’’ صدر اوباما امریکا کی طرف سے جوہری ہتھیاروں میں کمی سے متعلق اپنے وعدے کا اعادہ کریں گے اور اس بات پر بھی روشنی ڈالیں گے کہ ان کی امریکا کی سلامتی کے لیے کیا اہمیت ہے۔‘‘

سیئول میں ہونے والی جوہری سکیورٹی کی اس کانفرنس کے دوران شمالی کوریا کی جانب سے اگلے ماہ اپنے ایک راکٹ کے ذریعے ایک مصنوعی سیارہ خلاء میں بھیجنے کا مسئلہ بھی زیر بحث آئے گا۔ اس کے علاوہ جوہری دہشت گردی کا معاملہ بھی ایجنڈے پر ہے۔ جنوبی کوریا نے دھمکی دی ہے کہ اگر شمالی کوریا کی طرف سے چھوڑے گئے راکٹ نے جنوبی کوریا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو وہ اسے مار گرائے گا۔

باراک اوباما آج پیر کو چینی صدر ہوجن تاؤ سے بھی ملاقات کریں گے
باراک اوباما آج پیر کو چینی صدر ہوجن تاؤ سے بھی ملاقات کریں گےتصویر: dapd

باراک اوباما آج پیر کو چینی صدر ہوجن تاؤ سے بھی ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ چین پر زور ڈالیں گے کہ وہ شمالی کوریا کو خلاء میں راکٹ بھیجنے سے باز رکھنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

باراک اوباما روسی صدر دیمیتری میدویدیف سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ کل منگل 27 مارچ کو ان کی پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات طے ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: ندیم گِل