1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امیروں کی دولت، سونا اور مہنگی پینٹگز سوئس بینکوں میں

Imtiaz Ahmad1 جولائی 2012

سوئس بینکوں کے خفیہ بینک اکاؤنٹس میں پہلے ہی دنیا بھر کے امیر لوگوں کا کالا دھن جمع ہے۔ اب اس ملک کے بینکار اپنے امیر ترین گاہکوں کے لیے دولت جمع کرنے کا مزید محفوظ طریقہ لے کر میدان میں اترے ہیں۔

https://p.dw.com/p/15OtH
تصویر: picture-alliance/dpa

سوئس بینکوں کی طرف سے اب ’محفوظ ڈپازٹ باکس‘ متعارف کروائے گئے ہیں، جن میں کم از کم ( زیادہ قدر والے ) ایک ہزار فرانک کے نوٹ ذخیرہ کیے جا سکتے ہیں۔ یہ ’سیو ڈپازٹ باکس‘ سوئس بینکوں کے اندر ہی بنائے گئے ہیں، اور ان میں ہیرے، سونا، قیمتی پینٹگز اور دیگر انتہائی مہنگی اشیاء رکھی جا سکتی ہیں۔ اس نئے منصوبے کا مقصد دنیا کے امیر ترین افراد کے کالے دھن کو پکڑے جانے کے خطرے سے محفوظ بنانا ہے اور سوئس بینک غیر ملکی حکومتوں کو ان ’محفوظ ڈپازٹ باکس‘ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے پابند بھی نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ سوئس بینک کئی معاہدوں کے تحت بینک اکاؤنٹس کے بارے میں مخصوص معلومات غیر ملکی حکومتوں کو فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق بینک اپنے امیر ترین کلائنٹس کو یقین دلا رہے ہیں کہ سوئٹزر لینڈ کے غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ معلومات کے تبادلے کے معاہدے صرف اکاؤنٹس میں جمع رقوم تک محدود ہیں اور ’سیو ڈپازٹ باکس‘ پر لاگو نہیں ہوتے۔

Goldbarren im Einkaufswagen
تصویر: Fotolia/Daniel Nimmervoll

میڈیا رپورٹوں کے مطابق سوئس بینکوں کا یہ نیا منصوبہ انتہائی کامیاب ہے اور دنیا کے انتہائی امیر ترین افراد تیزی کے ساتھ ’سیو ڈپازٹ باکس‘ بناتے ہوئے ایک ہزار فرانک کے نوٹ جمع کر رہے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے مرکزی بینک SNB کے اعدادو شمار کے مطابق سوئٹزر لینڈ میں گردش کرنے والے فرانک نوٹوں کی قدر کا ساٹھ 60 فیصد ایک ہزار قدر کے فرانک نوٹوں پر مشتمل ہے اور یہ گزشتہ سال کی نسبت پچاس فیصد زیادہ ہے۔

مرکزی بینک ’ایس این بی‘ نے تصدیق کی ہے کہ ایک ہزار فرانک کے نوٹوں کی ڈیمانڈ میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی بنیادی وجہ زیادہ قدر کے ان نوٹوں کا ’محفوظ ڈپازٹ باکس‘ میں جمع ہونا ہے۔ سوئٹزر لینڈ کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے، جہاں ایک ہزار فرانک (زیادہ قدر والے ) کے نوٹ چھاپے جاتے ہیں۔ برطانیہ اور امریکا میں سب سے زیادہ قدر والے نوٹ 50 پاؤنڈ اور  ایک سو ڈالر کے ہیں۔

قبل ازیں امریکا میں سن 1945 میں ایک ہزار، پانچ ہزار، اور دس ہزار قدر ڈالر کے نوٹ جاری کیے گئے تھے اور یہ سن 1969 تک سرکولیشن میں رہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق دنیا بھر کی حکومتوں کی طرف سے سوئٹزرلینڈ پر بینک اکاؤنٹس تک رسائی فراہم کرنے کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب  ’سیو ڈپازٹ باکس‘ متعارف کروا دیے گئے ہیں تاکہ ان میں زیادہ قدر والے نوٹ بڑی تعداد میں جمع کیے جا سکیں۔

نیوز ایجسنی پی ٹی آئی کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے کئی بینکوں میں ’سیو ڈپازٹ باکس‘ کی کمی کی وجہ سے یہ اب انتہائی امیر گاہکوں کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سرکاری طور پر یہ بھی پتہ نہیں چلایا جا سکتا کہ مجموعی طور پر ان باکس کی تعداد کتنی ہے۔

ia / sks (PTI)