1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امیر ترین شخصیت، بل گیٹس اعزاز سے محروم

11 مارچ 2010

امریکی جریدے 'فوربز' کے تازہ شمارے میں دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست شائع کی گئی ہے۔ فہرست کے مطابق میکسیکو سے تعلق رکھنے والے کارلوس سلم، دولت جمع کرنے میں بل گیٹس کوپیچھے چھوڑ کر اب پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/MPnD
تصویر: AP

فوربز میگزین کی فہرست کے مطابق اس برس 'کارلوس سلم' کے اثاثوں کی کل مالیت 53.5 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔ 1995 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دولت کے حساب سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کو کسی نے پیچھے چھوڑا ہے۔ فہرست کے مطابق بل گیٹس کی مجموعی دولت 53 ارب ڈالر ہے۔ امریکہ سے تعلق رکھنے والے وارن بوفے 47 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

Der mexikanische Milliardär Carlos Slim
فوربز میگزین کے مطابق دنیا کے امیر ترین فرد ہونے کا اعزاز اب میکسیکو سے تعلق رکھنے والے کارلوس سلِم کو حاصل ہوگیا ہے۔ جن کے اثاثوں کی مالیت 53.5 بلین ڈالر ہے۔تصویر: AP

جریدے کے مطابق ان تینو ں افراد کو پچھلے برس مجوعی طور پر 68 بلین ڈالر کا نقصان ہوا تھا جس میں سے انہوں نے41.5 ارب واپس حاصل کر لیے ہیں۔ عالمی اقتصادی بحران کے تناظر میں گزشتہ کچھ برس کے دوران فوربز کی طرف سے جاری کردہ اس نئی فہرست میں بہتری ہوئی ہے اورکچھ نئے نام بھی شامل ہوئے ہیں۔ موجودہ فہرست میں شامل ارب پتی افراد کی تعداد 793 سے بڑھ کر اب1011 تک پہنچ گئی ہے۔ مجموعی طور پرگزشتہ برس کے دوران ان ارب پتی افراد کی دولت میں تین اعشاریہ چار کھرب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ اس فہرست میں خواتین بھی پیچھے نہیں رہیں اور اس برس کے دوران ارب پتی خواتین کی تعداد بھی72سے بڑھ کر 89 ہوگئی ہے۔

جریدے کے چیف ایگزیکٹیو 'سٹیو فوربز' نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ عالمی طور پر اقتصادی صورتحال بہتر ہوئی ہے جبکہ ایشیائی مارکیٹ کی پوزیشن بھی حوصلہ افزا ہے۔

بھارت سے تعلق رکھنے والے مکیش امبانی29 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے اور لکشمی متل28.7 ارب ڈالر کے ساتھ فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ فہرست میں چھٹے نمبر پر لیری ایلسن اور ساتویں نمبر پر آرائشی سامان بنانے والی کمپنی کے مالک برنارڈ آرنلٹ ہیں۔

Mukesh Ambani, Industrialist, Indien
بھارتی صنعتکار مکیش امبانی دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں ۔ جبکہ پانچویں امیر ترین فرد لکشمی متل کا تعلق بھی بھارت سے ہے۔تصویر: AP

اس سال سب سے زیادہ دولت کمانے والے کان کنی کے کاروبار سے منسلک برازیل کے 'ایکی بتستا' ہیں جن کی دولت میں 19.5 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ اور ان کے اثاثے 7.5 ارب ڈالر سے بڑھ کر اب 27 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔

اس فہرست میں اس سال 97 نئے نام شامل کیے گئے ہیں، جن میں سے 62 کا تعلق ایشیا سے ہے۔ فہرست کے مطابق نیو یارک ایسا شہر ہے جہاں دنیا کے امیر ترین افراد کی سب سے زیادہ تعداد رہتی ہے جو کہ 60 ہے۔ اس کے بعد 50 ارب پتی افراد کے ساتھ ماسکو دوسرے جبکہ 32 ارب پتی رہائشیوں کے ساتھ لندن تیسرے نمبر پر ہے۔

اس فہرست میں جن 55 ممالک کے امراء کا ذکر ہے ان میں پاکستان کے میاں محمد منشا بھی شامل ہیں جبکہ فیس بک کے بانی 'مارک زوکربرگ' اس فہرست میں جگہ پانے والے سب سے کم عمر ارب پتی ہیں۔

میگزین کے مطابق اگر گیٹس اور بوفےاپنی دولت خدمت خلق کے کاموں پر خرچ نہ کرتے توآج ان کی دولت کہیں زیادہ ہوتی۔ میگزین کے مطابق چین ارب پتی افراد کی تعداد کے حساب سے دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ پہلا نمبر بدستور امریکہ کے پاس ہے۔

رپورٹ : بخت زمان

ادارت : افسر اعوان