1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی ڈرون ٹیکنالوجی ’چِت بھی اپنی اور پَٹ بھی‘

عدنان اسحاق18 فروری 2015

امریکا نے کمرشل ڈرونز کے علاوہ مسلح ڈرون طیاروں کو حلیف ممالک کو برآمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران دیگر ممالک کے ساتھ مل کر متنازعہ ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق عالمی معیارات مقرر کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Edca
تصویر: picture-alliance/dpa

امریکا نے حلیف ملکوں کو جنگ میں استعمال ہونے والے ڈرون بیچنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل 17 فروری کو واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائلوں سے لیس بغیر پائلٹ کے یہ طیارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استعمال کرنے کے لیے دیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں طویل جانچ پڑتال کے بعد نئے رہنما اصول وضع کیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ڈرون خریدنے والے ملکوں کو ڈرونز کے استعمال کے حوالے سے مخصوص قواعد و ضوابط کا پابند بننا پڑے گا مثلاً اُنہیں یہ ڈرون ناجائز طور پر اپنے ہی عوام کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اُن ممالک کے نام نہیں بتائے گئے، جنہیں یہ ٹیکنالوجی دی جائے گی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی نشانہ بنتی ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ اس طرح ڈرون طیاروں اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور ڈرونز کی عالمی منڈی میں فروخت بھی بڑھے گی۔ واضح رہے کہ امریکا ڈرون ٹیکنالوجی میں دنیا بھر میں سب سے آگے ہے اور متعدد ممالک میں جن میں پاکستان، افغانستان، عراق اور یمن شامل ہیں، دہشت گردوں کے خلاف ڈرون طیارے استعمال کر رہا ہے۔ اس سے قبل بغیر پائلٹ کے یہ طیارے بنانے والی بڑی بڑی کمپنیاں واشنگٹن حکام سے اس ٹیکنالوجی کو برآمد کرنے کے حوالے سے بنائے گئے قوانین میں نرمی کرنے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ ان کمپنیوں کو اسرائیل اور بین الاقوامی سطح پر ابھرنے والے دیگر اداروں کے مقابلے میں نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

MQ-9 Reaper Drohne Drohnenkrieg Ziel Drohnenangriff Afghanistan
تصویر: picture-alliance/AP/Air Force/L. Pratt

دوسری جانب چین کا بھی ڈرونز ٹیکنالوجی برآمد کرنے کا اپنا ایک نظام ہے۔ چین نو ممالک کو ڈرون برآمد کرتا ہے اور ان میں پاکستان، مصر اور متحدہ عرب امارت شامل ہیں۔ چینی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق اس سلسلے میں سعودی عرب اور الجزائر سے بھی بات چیت جاری ہے۔ برطانیہ ابھی تک امریکی مسلح ڈرونز استعمال کرنے والا واحد ملک جبکہ فرانس اور اٹلی صرف نگرانی کے لیے اس امریکی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ نئی امریکی پالیسی کے اعلان سے قبل ہی واشنگٹن حکومت نے جنرل آٹومکس کو اجازت دی تھی کہ وہ بھارتی منڈی کے لیے ’پریڈیٹر ایکس پی‘ نامی ڈرون تیار کر سکتا ہے۔