1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی پاپ اسٹار میڈونا کا خلیجی ممالک میں پہلا کنسرٹ

Kishwar Mustafa4 جون 2012

پاپ میوزک کی دنیا کی ایک معروف اور ہر دلعزیز گلوکارہ میڈونا نے گزشتہ روز ابوظہبی کے جزیرہ یاس میں دھوم مچا دی۔

https://p.dw.com/p/157jq
تصویر: picture-alliance/dpa

امریکی پاپ اسٹار میڈونا کے گزشتہ شب جزیرہ یاس کے ایک اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے کنسرٹ سے لطف اندوز ہونے کے لیے قریب 25 ہزار شائقین جمع تھے۔ میڈونا نے چند روز قبل ہی اپنے ورلڈ ٹور کا آغاز مشرق وسطیٰ کے ملک اسرائیل سے کیا ہے۔ میڈونا کا کنسرٹ وقت مقررہ سے دو گھنٹے بعد شروع ہوا۔ اسٹیج پر میڈونا کے نمودار ہوتے ہی شائقین کا جوش و خروش اور والہانہ پن دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ میڈونا اُسی لباس میں ملبوس تھیں جس میں اُن کی تصویر اُن کے مشہور زمانہ البم ’ گرل گون وائلڈ‘ پر لگی ہے۔

گزشتہ روز یعنی اتوار کو میڈونا کے اس پہلے کنسرٹ کے ٹکٹس مکمل طور پر بک چُکے تھے۔ اُس کے فوراﹰ بعد ہی ان کے دوسرے کنسرٹ کے آج یعنی پیر کو انعقاد کا اعلان کر دیا گیا۔

Konzert von Madonna in Tel Aviv
تل ابیب منعقدو مڈونا کنسرٹتصویر: picture-alliance/dpa

ابوظہبی کا صحرائی گرم موسم میڈونا کے لیے نہایت غیر معمولی تھا اور اپنے پرستاروں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھی کہ بہت زیادہ گرمی ہے۔کنسرٹ کے وقت ابو ظہبی کے اس علاقے کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر تھا۔

طلا اور عُمر زارو میڈونا کے بڑے فینز ہیں۔ اُردن سے ابو ظہبی آکر وہ ایک طرف تو میڈونا کی گلوکاری سے محظوظ ہونا چاہتے تھے، دوسری طرف اپنی شادی کی تیرہویں جبکہ عمر زارو کی 41 ویں سالگرہ بھی منانا چاہتے تھے۔ اس لیے طلا نے نہایت خوش ہو کر کہا،’’دو اہم مواقع اکھٹا میڈونا کے ساتھ منانے کا لطف ہی کچھ اور ہے ، اس سے بہتر بھلا کیا ہو سکتا تھا۔‘‘#v#

میڈونا نے اس موقع پر مشرق وسطیٰ میں پا‌ئی جانے والی بد امنی اور عدم استحکام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے شائقین سے کہا، ’’جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں گزشتہ ہزاروں سال سے متنازعہ مسائل چلے آ رہے ہیں۔ انہیں اب ختم ہونا چاہیے۔ اگر آپ امن کے خواہش مند نہیں ہیں تو میرے مداح بھی نہیں ہو سکتے۔‘‘

میڈونا نے تمام شائقین سے اپیل کی کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے مل کر کوششوں کا آغاز کریں۔ اُنہوں نے کہا،’’آپ میں سے ہر کوئی ابھی اسی لمحے سے قیام امن کے لیے اپنے طور پر کوششیں شروع کرے۔ تمام دنیا میں امن اُسی وقت قائم ہوگا جب مشرق وسطیٰ کا خطہ پُر امن ہوگا۔‘‘

Km/aba( AFP)