1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی وزیرخارجہ کا دورہ بھارت شروع

رپورٹ: عاطف بلوچ، ادارت: شامل شمس18 جولائی 2009

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے اپنے دورہ بھارت کے پہلے دن بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں امریکہ کا ساتھ دے۔

https://p.dw.com/p/IryK
امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن نے بھارتی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرےتصویر: AP
Manmohan Singh und Syed Yousuf Raza Gilani in Ägypten
شرم الشیخ میں پاکستانی اور بھارتی وزرائے اعظم نے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھاتصویر: AP

دوسری طرف بھارتی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد حکومت دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں ٹھوس اقدامات دکھائے گی تو اُس کے ساتھ امن مذاکرات بحال کئے جائیں گے۔

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اپنے پانچ روزہ دورے کے دوران جمعہ کی رات بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی پہنچیں تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ بظاہر کلنٹن کے دورے کا مقصد یہ ہے کہ بھارت کے ساتھ باہمی تعلقات مزید مضبوط کئے جائیں اور نئی دہلی حکومت کو امریکی صدر باراک اوباما کی طرف سے تعاون کا یقین دلایا جائے کہ امریکہ عالمی طاقت کے طورپر ابھرنے والے اس ملک کے ساتھ ہے۔

Indien Parlamentswahlen 2009
بھارتی حزبِ اختلاف نے کانگریس سرکار کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر اعتراض کیا ہےتصویر: UNI

امریکی وزیر خارجہ کے اس دورے کے ایجنڈے پر کئی اہم موضوعات ہیں تاہم اس دورے کے اہم ترین نکات میں بھارت میں دو امریکی جوہری گھروں کا قیام ، جدیداسلحہ بنانے کی ٹیکنالوجی میں تعاون کا منصوبہ، اور پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری شامل ہیں۔ اس دوران کلنٹن ایک ایسے معاہدے پر بھی پیش رفت چاہتی ہیں جس کے تحت امریکی کمپنیوں سے ملنے والی ایسی ٹیکنالوجی جو جدید اسلحہ بنانے میں مدد گار ثابت ہو گی وہ ٹیکنالوجی بھارت کسی تیسرے ملک کو فراہم نہ کرے۔اس مقصد کے لئے واشنگٹن حکومت خود نگرانی کرنا چاہتی ہے۔

اس دوران ہلیری کلنٹن باہمی تعلقات کے دیگر امور کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی پر بھی مذاکرات کریں گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کلنٹن بھارت پرزور دیں گی کہ وہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرے تاکہ وہاں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خاطرخواہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

G8 Gipfel in L`Aquila, Italien: G8- und G5-Regierungschefs
ایک ابھرتی ہوئی عالمی معیشت کے طور پر امریکہ بھارت کو خصوصی اہمیت دیتا ہےتصویر: AP

کلنٹن کے اس دورے سے قبل ہی پاکستانی اور بھارتی وزرائے اعظم نے شرم الشیخ میں ہونے والی ملاقات میں دہشت گردی کےخلاف جنگ میں مشترکہ اقدامات اٹھانے کے لئے رضا مندی تو ظاہر کی تاہم بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے یہ بھی کہا کہ اگر پاکستان ، بھارت سے باضابطہ طور پرامن مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے تواسے ممبئی حملوں میں ملوث افراد کے خلاف مناسب کارروائی کرنا ہو گی۔

امریکی وزیر خارجہ آج یعنی ہفتہ کے دن اپنی اہم ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گی۔ شیڈیول کے مطابق وہ بھارت میں تعلیم کے فروغ کے لئے بھارتی فلم اسٹار عامرخان کے ساتھ ایک پروگرام میں بھی شرکت کریں گی۔

امریکی وزیر خارجہ اکیس جولائی کو تھائی لینڈ ورانہ ہوں گی جہاں وہ جنوب مشرقی ایشائی ممالک کی تنظیم ASEAN کی سمٹ میں شرکت کریں گی۔