1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنوں کی امریکا اور امریکیوں کی جرمنی سے متعلق رائے کیا ہے؟

26 نومبر 2019

پیو ریسرچ سینٹر کے ایک تازہ مطالعے کے مطابق جرمن امریکی تعلقات سے متعلق دونوں ممالک میں بہت مختلف اور باہمی طور پر متضاد تاثرات پائے جاتے ہیں۔ امریکیوں کے مطابق یہ روابط مثبت ہیں جبکہ جرمن انہیں بہت مشکل گردانتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3Tjw1
تصویر: Reuters/Guido Bergmann/Bundesregierung

امریکا میں امید پسندی اور جرمنی میں قنوطیت: برلن اور واشنگٹن کے باہمی تعلقات سے متعلق دونوں ممالک میں پائے جانے والے تاثرات کے بارے میں پیو ریسرچ سینٹر کے ایک نئے مطالعاتی جائزے کے حال ہی میں جاری کردہ نتائج یہی ظاہر کرتے ہیں۔ تین چوتھائی (75 فیصد) امریکی شہریوں کی رائے میں واشنگٹن کے برلن کے ساتھ روابط اچھے اور مثبت ہیں۔ لیکن تقریباﹰ دو تہائی (64 فیصد) جرمن باشندوں کی رائے میں جرمن امریکی روابط اچھے نہیں ہیں اور انہیں 'خراب‘ قرار دیا جا سکتا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ گزشتہ برس جرمن باشندوں کی ان کے ملک کے امریکا کے ساتھ روابط کے بارے میں رائے اور بھی زیادہ منفی تھی۔ 2018ء میں تقریباﹰ تین چوتھائی (73 فیصد) جرمن رائے دہندگان کا کہنا تھا کہ برلن اور واشنگٹن کے باہمی تعلقات کے بارے میں مستقبل میں بھی بس کم امیدی ہی کا اظہار کیا جا سکتا تھا۔

امریکا کے لیے برطانیہ، جرمنی کے لیے فرانس زیادہ اہم

اس نئی ریسرچ کے نتیجے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جرمنی اور امریکا اگرچہ آپس میں ایک دوسرے کے بہت اہم اتحادی ممالک ہیں تاہم ان دونوں کے لیے ہی زیادہ اہمیت ان کے دیگر اتحادی ممالک کو حاصل ہے۔ مثلاﹰ ایک تہائی سے زیادہ (36 فیصد) امریکیوں کی رائے میں واشنگٹن کے لیے برطانیہ اہم ترین پارٹنر ملک ہے، جس کے بعد چین، کینیڈا اور اسرائیل کے نام آتے ہیں جبکہ اس فہرست میں جرمنی پانچویں نمبر پر ہے۔

اس کے برعکس جرمن عوام کی اچھی خاصی تعداد امریکا کو اپنے ملک کا بہت اہم اتحادی تصور کرتی ہے مگر یہ بھی سچ ہے کہ جرمنوں کی اکثریت کے لیے یورپ میں ان کا ہمسایہ اور یورپی یونین میں جرمنی کا سب سے زیادہ ہم خیال ملک فرانس برلن کا اہم ترین اتحادی ملک ہے۔‌ فرانس کے بعد جرمن باشندے امریکا کو جرمنی کا دوسرا اہم ترین اتحادی ملک سمجھتے ہیں اور ایسی سوچ کے حامل جرمنوں کی تعداد 42 فیصد ہے۔

روس کے ساتھ تعلقات اہم تر

گزشتہ برس جرمنی کی خارجہ سیاست میں روس کو اور زیادہ اہمیت حاصل ہو گئی، جس کی وجہ مشرقی یوکرائن میں جاری خونریز تنازعہ بھی تھا اور مشرق وسطیٰ میں خانہ جنگی کی شکار عرب ریاست شام بھی، جہاں روس دمشق میں اسد حکومت کا اہم ترین سیاسی اور عسکری اتحادی ملک ہے۔

امریکا میں جرمنی اور روس کے ساتھ روابط کو تقابلی حوالے سے کیسے دیکھا جاتا ہے، اس کا ایک ثبوت یہ ہے کہ 61 فیصد امریکیوں کی رائے میں واشنگٹن کے ماسکو کے مقابلے میں برلن کے ساتھ تعلقات زیادہ اہم ہیں جبکہ 26 فیصد امریکیوں کے مطابق روس کے ساتھ تعلقات جرمنی کے ساتھ روابط کے مقابلے میں کہیں زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔

دوسری طرف جرمنی میں عام شہریوں میں سے تقریباﹰ 40 فیصد کی رائے یہ ہے کہ برلن کے ماسکو کے ساتھ تعلقات کے مقابلے میں واشنگٹن کے ساتھ روابط زیادہ اہم ہیں جبکہ ہر چوتھے جرمن باشندے کی رائے میں امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ جرمنی کے روس کے ساتھ تعلقات زیادہ اچھے ہوں۔

جرمن امریکی روابط اچھے لیکن شاندار نہیں

جرمنی اور امریکا کے باہمی روابط کے بارے میں ان دونوں ممالک میں مکمل کیے گئے پیو ریسرچ سینٹر کے تازہ جائزوں کے مطابق ہر دوسرے جرمن شہری کی سوچ یہ ہے کہ امریکا کے ساتھ قریبی اشتراک عمل جاری رکھا جانا چاہیے۔ اس کے برعکس تقریباﹰ ہر تیسرے (35 فیصد) جرمن باشندے کا خیال یہ ہے کہ جرمنی کو امریکا کے ساتھ اپنا تعاون کم کر دینا چاہیے۔

جرمن خارجہ سیاست کے تناظر میں برلن اور واشنگٹن کے دوطرفہ روابط کے بارے میں ان جائزوں سے حتمی طور پر یہ بات بھی ثابت ہو گئی کہ سیاستدان کچھ بھی کہیں، لیکن عوام کی رائے میں جرمن امریکی روابط برے تو نہیں ہیں لیکن انہیں بہرحال 'بہت اچھے اور شاندار‘ بھی نہیں کہا جا سکتا۔

کَیرسٹن کنِپ (م م / ع ا)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں