1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ کے پہلے خلائی مشن کے پچاس برس مکمل

5 مئی 2011

امریکی خلا بازایلن شیپرڈ کی خلا نوردی کے پچاس برس مکمل ہونے پر فلوریڈا میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی خلائی ادارے ناسا کے کئی اعلیٰ اہلکاروں کے علاوہ ایلن شیپرڈ کے گھر والوں نے بھی شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/119Lq
تصویر: AP/NASA

ایلن شیپرڈ دنیا کے دوسرے اور پہلے امریکی خلا باز تھے، جنہوں نے خلا میں سفر کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے پانچ مئی 1961ء کو یہ تاریخی کارنامہ سر انجام دیا۔ ان سے قبل سوویت خلا باز یوری گاگرین نے بارہ اپریل 1961ء کو پہلی مرتبہ خلا کا سفر کیا تھا۔

ایلن شیپرڈ نے جب خلائی سفر کیا تھا تو ان کی عمر 37 برس تھی۔ اگرچہ یوری گاگرین کے مقابلے میں ان کی خلائی پرواز کا دورانیہ کافی کم تھا لیکن پھر بھی ایلن شیپرڈ اپنی اس پرواز سے امریکہ میں ایک ہیرو بن گئے۔ یوری گاگرین کی خلائی پرواز کا دورانیہ 108منٹ تھا جبکہ ایلن شیپرڈ صرف پندرہ منٹ کے لیے خلا میں گئے تھے۔

Juri Gagarin
سوویت خلا باز یوری گاگرینتصویر: AP

جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے خلائی پالیسی کے سابقہ ڈائریکٹر جان لوگسڈن کے بقول سوویت خلا باز یوری گاگرین کے بعد ایلن شیپرڈ کی خلائی پرواز نے اگرچہ اپنی اہمیت کھو دی تھی تاہم اس پرواز نے امریکی خلائی پروگرام کو ایک نئی جہت فراہم کی تھی۔

امریکی خلائی پروگرام کے تحت امریکی بحریہ سے تعلق رکھنے والے ایلن شیپرڈ نے مارچ 1961ء میں خلا میں جانا تھا، لیکن تکنیکی وجوہات کی بنا پر یہ پروگرام موخر کرنا پڑ گیا تھا۔ اسی دوران سوویت خلا باز نے پہلی مرتبہ خلا میں جانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ایلن شیپرڈ کے خلا میں جانے کے پچاس برس مکمل ہونے پر جان لوگسڈن نے اپنی یادداشت کھنگالتے ہوئے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اُس وقت کے امریکی صدرجان ایف کینیڈی اِس خلائی پروگرام میں خصوصی دلچسپی لے رہے تھے۔

ایلن شیپرڈ 1988ء میں 74 برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔ ان کے خلا میں جانے کے پچاس برس مکمل ہونے پر امریکی محمکہء ڈاک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس پہلے امریکی خلا نورد کی مناسبت سے دو نئے ٹکٹ جاری کرے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں