1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ کے قومی سلامتی مشیر کا دورہ پاکستان

25 جون 2009

امریکہ کے قومی سلامتی مشیر کا دورہ پاکستان جنرل جم جونز کی پاکستان آمد بظاہر صدر اوباما کی خطے سے متعلق نئی پالیسی کے تحت پاکستانی اور افغان قیادت کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھنے کا تسلسل ہے۔

https://p.dw.com/p/Ib8B
جنرل جم جونزنے پاکستانی قیادت سے ملاقات کیتصویر: AP

جنرل جم جونز کی پاکستان آمد بظاہر صدر اوباما کی خطے سے متعلق نئی پالیسی کے تحت پاکستانی اور افغان قیادت کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھنے کا تسلسل ہے۔

اسی سبب جنرل جونز نے کابل میں چوٹی کے رہنماؤں کے بعد اسلام آباد میں بھی صدر، وزیر اعظم اور فوج کے سربراہ جنرل کیانی کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ امریکی سفارت خانے کے ایک اعلانیے کے مطابق جنرل جونز کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنا اور خصوصاً انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے جنرل جونز کے ساتھ ملاقات میں امریکہ سمیت تمام با اثر ممالک سے علاقائی امن کی خاطر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر اور پانی سے متعلق تنازعات میں مدد لینے کی اپیل کے ساتھ ساتھ پاکستانی علاقوں پر ڈرون میزائل حملے بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا تا کہ دہشت گردوں کو تنہا کرنے کی پاکستانی حکمت عملی کامیاب ہو سکے۔ ایک سرکاری اعلانیے کے مطابق جنرل جونز نے مسئلہ کشمیر اور پانی کی تقسیم کے تنازعے کا حل نکالنے میں کردار ادا کرنے کا وعدہ بھی کیا۔

جنرل جونز کے اس وعدے سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ درپردہ پاک بھارت مذاکراتی عمل کی بحالی کےلئے سرگرمی سے کوشاں ہے کیونکہ دونوں ملکوں کی کشیدگی سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف جاری کوششیں بھی لا محالہ طور پر متاثر ہوتی ہیں۔ مبصرین کے مطابق سوات کے ملا ریڈیو یعنی شاہ دوران کی ہلاکت اور جنوبی وزیرستان میں بیت اللہ محسود کے ٹھکانوں پر امریکی سی آئی اے کے جاسوس طیاروں کے حملوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد بیت اللہ محسود کے مسئلے پر پاکستانی اور امریکی عسکری اداروں کے مابین بظاہر خاصی ہم آہنگی پیدا ہو گئی ہے اور اب ڈیورنڈ لائن کے دونوں اطراف ان تمام عناصر کی مشترکہ سرکوبی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جو نہ صرف افغان امریکی بلکہ پاکستانی مفادات کے لئے بھی براہ راست خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر وہ عناصر جنہوں نے امریکہ مخالف القاعدہ کا آلہ کار بن کر پاکستان کے اندر دہشت اور تباہی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

رپورٹ : امتیاز گل

ادارت : عاطف توقیر