1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ کی طرف سے حسین حقانی کی خدمات کی تعریف

24 نومبر 2011

امریکی حکومت نے اپنے ایک بیان میں امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کی سفارتی خدمات کو سراہا ہے۔ حقانی کو اسی ہفتے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑ گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/13GOp
سابق سفیر حسین حقانیتصویر: AP

حسین حقانی کو میمو گیٹ کہلانے والے اسکینڈل میں اپنے خلاف ان الزامات کا سامنا تھا کہ اس سال مئی میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں فوج کے اقتدار پر ممکنہ قبضے کو رکوانے کے لیے امریکہ سے مدد حاصل کرنے کی خاطر جو مبینہ پیغام بھیجا گیا تھا، وہ انہوں نے ہی پہنچایا تھا۔

ایک پاکستانی نژاد امریکی تاجر منصور اعجاز کا دعویٰ ہے کہ یہ میمو مبینہ طور پر صدر زرداری نے بھیجا تھا جو اس دور کے امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ایڈمرل مائیک مولن تک پہنچایا گیا تھا۔ حسین حقانی نے اس بارے میں اپنے خلاف الزامات کی تردید کی تھی۔ اس کے باوجود ابھی حال ہی میں حسین حقانی کی اسلام آباد میں صدر زرداری، وزیر اعظم گیلانی، فوج کے سربراہ جنرل کیانی اور آئی ایس آئی کے سربراہ شجاع پاشا کے ساتھ ایک بہت طویل مشترکہ ملاقات میں وزیر اعظم نے حسین حقانی سے ان کا استعفیٰ طلب کر لیا تھا۔

Pakistan Ministerpräsident Yousaf Raza Gillani
وزیر اعظم گیلانی نے حسین حقانی سے استعفیٰ طلب کر لیا تھاتصویر: Abdul Sabooh

حسین حقانی کے استعفے کے بارے میں واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے مقامی وقت کے مطابق بدھ کی رات کہا کہ تب تک اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو پاکستان کی طرف سے اس بارے میں کوئی باقاعدہ اطلاع نہیں ملی تھی کہ حسین حقانی مستعفی ہو چکے ہیں اور ان کی جگہ نیا سفیر مقرر کیا جا چکا ہے۔

تاہم مارک ٹونر نے ان خبروں سے آگاہی کا اعتراف کیا کہ اسلام آباد حکومت نے حسین حقانی کی جگہ جمہوریت کے فروغ کی کوششیں کرنے والی خاتون سیاستدان شیری رحمان کو امریکہ میں نیا پاکستانی سفیر نامز کر دیا ہے۔

Pakistan Sherry Rehman
شیری رحمان نئی پاکستانی سفیرمتعینتصویر: Abdul Sabooh

اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن حکومت نئی پاکستانی سفیر شیری رحمان کے ساتھ مل کر دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش مند ہے تاکہ اسلام آباد اور واشنگٹن کے دوطرفہ روابط میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

مارک ٹونر نے یہ بھی کہا کہ امریکہ حسین حقانی کے پاکستانی سفیر کے طور پر امریکہ میں تعیناتی کے عرصے میں ان تمام خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو انہوں نے انجام دیں۔ ترجمان کے بقول حقانی اپنے عہدے کی پوری مدت کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعلقات کے بہت بڑے حامی رہے۔

میمو گیٹ اسکینڈل کا انکشاف پاکستانی نژاد امریکی تاجر منصور اعجاز کے 10 اکتوبر
کو برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک مضمون کی وجہ سے ہوا تھا۔ پاکستانی وزیر اعظم گیلانی یہ اعلان کر چکے ہیں کہ میمو گیٹ اسکینڈل کی ہر حوالے سے مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں گی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں