1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا: کیواناح کے خلاف مظاہرے، سینکڑوں افراد گرفتار

5 اکتوبر 2018

امریکی سینیٹ میں آج بروز جعمہ بریٹ کیواناح کی سپریم کورٹ کے جج کے طور پر تقرری کے لیے ووٹنگ کی جا رہی ہے۔ جنسی الزامات کے شکار کیواناح کے خلاف واشنگٹن میں بڑے پیمانے پر مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/362Ao
USA Proteste gegen Brett Kavanaugh in Washington
تصویر: picture-alliance/abaca/O. Douliery

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بریٹ کیواناح کے خلاف ہوئے مظاہروں کے دوران سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق مجموعی طور پر تین سو دو افراد حراست میں لیے گئے، جن میں کئی مشہور شخصیات بھی شامل ہیں۔

قبل ازیں حکمران جماعت ری پبلکن پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ ایف بی آئی کی طرف سے کی گئی انکوائری میں بریٹ کیواناح کو جنسی نوعیت کے الزامات سے بری قرار دے دیا گیا ہے۔ تاہم اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا ہے کہ ان الزامات کی صرف پانچ روزہ چھان بین ایک ’نامکمل‘ عمل ہے، کیونکہ یہ صرف وائٹ ہاؤس تک ہی محدود رکھی گئی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے نامزد کردہ جج بریٹ کیواناح کی سپریم کورٹ میں تعیناتی اس وقت امریکا بھر میں ایک تنازعے کا باعث بن گئی تھی جب ایک خاتون نے ان پر جنسی حملے کا الزام عائد کیا تھا۔ اب تک کم از کم دو خواتین کہہ چکی ہیں کہ ماضی میں کیواناح نے انہیں جنسی حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

مبصرین کے مطابق کیواناح سپریم کورٹ میں بطور جج اپنی تقرری کے حوالے سے امریکی سینیٹ سے اکثریتی حمایت حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ بات یقینی اس لیے نہیں کہ متعدد سینیٹرز تاحال یہ فیصلہ نہیں کر سکے کہ آیا وہ کیواناح کی حمایت کریں گے۔ متوقع طور پر ہفتے کے دن تک سینیٹ اس تناظر میں اپنا حتمی فیصلہ سنا دے گی۔ امریکی سپریم کورٹ میں کسی بھی جج کی تعیناتی تاحیات ہوتی ہے۔

اگر 53 سالہ کیواناح سپریم کورٹ کے جج متعین کر دیے گئے تو ری پبلکن پارٹی کے نامزد کردہ کیواناح کئی اہم معاملات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی پارٹی کے لیے فائدے مند ثابت ہو سکیں گے۔

امریکا کی اس اعلیٰ ترین عدالت کے نو رکنی پینل میں شامل جج اسقاط حمل، گن کنٹرول اور انتخابی قوانین کے علاوہ کئی دیگر بہت اہم اور حساس معاملات میں حتمی رائے دینے کا اختیار رکھتے ہیں۔

ع ب / م م / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید