1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا کی آئندہ خاتون اول میلانیا کون ہیں؟

20 جنوری 2017

انتخابی مہم کے دوران میلانیا ٹرمپ نے کم ہی تقریریں کیں لیکن وہ اپنے خاوند کے ساتھ ہر موڑ پر وفادار رہیں۔ یہ سابق ماڈل لاکھوں امریکیوں کے لیے ایک مقناطیس سے کم نہیں تھیں لیکن امریکا کی یہ دلکش ماڈل اصل میں کون ہیں؟

https://p.dw.com/p/2SPh7
USA Melania Trump Fashion Week New York
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Foley

دنیا کے زیادہ تر باشندے اور امریکی خود نئی امریکی خاتون اول کے بارے میں صرف اتنا جانتے ہیں کہ وہ خوبصورت ہيں، سابقہ ماڈل ہيں اور ان کا قد بھی کافی لمبا ہے۔ میلانیا ٹرمپ ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ کی تیسری اہلیہ ہیں اور نت نئے ڈیزائنوں والے اپنے کپڑوں کی وجہ سے مشہور ہیں۔ موجودہ انتخابی مہم جدید امریکی تاریخ میں تمام صدارتی مہمات کی سب سے زیادہ ہنگامہ خیز مہم تھی لیکن اس کے باوجود میلانیا کی ذات کے کئی پہلو ابھی تک پوشیدہ ہیں۔  اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ سلووینیا کی چھیالیس سالہ میلانیا مہم کے دوران جان بوجھ کر پس منظر میں رہیں اور ان کے بارے میں میڈیا بھی زیادہ تر خاموش ہی رہا۔

USA Wilmington Donald Trump, Melania Trump
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Bazemore

میلانیا بس ایک مرتبہ ہی منظر عام پر آئیں اور ان کے بیانات ٹرمپ اور ان کی تعلقات عامہ کی ٹیم کے لیے ایک آفت ثابت ہوئے۔ یہ واقعہ جولائی میں پیش آیا، جب میلانیا کی ايک تقریر کے چند مکمل جملے موجودہ خاتون اول مشیل اوباما کی تقریر سے مبينہ طور پر چوری کیے گئے ثابت ہوئے۔ اس کے بعد میلانیا نے کم ہی میڈیا کے سامنے کچھ کہا۔

USA New York Melania Trump
تصویر: imago/UPI Photo

دوسری جانب ایسا بھی کم ہی ہوا ہے کہ میلانیا نے ڈونلڈ ٹرمپ اور اپنی ذاتی زندگی  پر کوئی روشنی ڈالی ہو یا پھر میڈیا کو ان دونوں کی زندگی میں جھانکنے کا موقع ملا ہو۔

جب بھی میلانیا سے پوچھا جاتا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ زندگی گزارنا کیسا ہے؟ تو ان کا ایک ہی جواب ہوتا، ’’وہ بہت ہوشیار اور دلکش ہے۔ ہمارے درمیان ایک زبردست تعلق ہے۔‘‘ یا میلانیا کا دوسرا جواب یہ ہوتا تھا، ’’ ہم دونوں کسی حد تک بہت آزاد ہیں۔ جب میں اس سے اتفاق نہیں کرتی تو اس کو بتا دیتی ہوں۔ کبھی وہ میری بات مانتا ہے اور کبھی نہیں۔‘‘ یہ وہ جوابات ہیں، جو میڈیا ٹیم کی طرف سے انہیں بتائے گئے تھے، میلانیا نے کبھی بھی کوئی جواب اچانک نہیں دیا یا عوام میں کوئی مزاح سے بھرپور بات بھی نہیں کی۔

USA Los Angeles Melania Trump Sohn Barron (r) , Donald Trump
تصویر: imago/UPI Photo

میلانیا کے ایک سابق کلاس فیلو کا سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ چھبیس اپریل انیس سو ستر کو یوگوسلاویہ میں پیدا ہوئیں لیکن وہ بڑی سلووینیا میں ہوئیں۔ ایک فوٹو گرافر نے میلانیا کو اس وقت دریافت کیا، جب اس کی عمر سولہ یا سترہ برس تھی۔ میلانیا کی سوانح عمری میں لکھی گئی کچھ چیزیں متضاد ہیں یا کئی واقعات کی حقیقت جاننا ممکن نہیں ہے۔ مثال کے طور پر میلانیا نے لکھا ہے کہ ان کے پاس یونیورسٹی ڈگری ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ میلانیا نے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ دی تھی۔

سن انیس سو چھیانونے میں میلانیا نیو یارک آ گئیں اور مشہور فوٹو گرافروں کے ساتھ مل کر کام کیا۔ سن انیس سو اٹھانوے میں ایک فیشن پارٹی میں میلانیا کی ملاقات ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوئی اور سن دو ہزار پانچ میں دونوں نے شاندار طریقے سے شادی کی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق شادی کا ڈریس ایک لاکھ ڈالر میں بنوایا گیا تھا۔

سن دو ہزار چھ میں میلانیا کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی اور اسی سال میلانیا نے امریکی شہریت حاصل کی۔ میلانیا کے بقول وہ اپنے بیٹے کی دیکھ بھال مکمل طور پر خود کرتی ہیں اور ٹرمپ بھی انتخابی مہم کے دوران اسے ایک ’بہترین ماں‘ کہہ چکے ہیں۔