1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا: ٹرمپ کی سیاست کے خلاف مظاہرے، چھ سو مظاہرین گرفتار

29 جون 2018

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تارکین وطن سے متعلق سیاسی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے چھ سو مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ مظاہرین امریکی کانگریس کی عمارت کے سامنے احتجاج کر رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/30ZVz
تصویر: AFP/Getty Images/N. Kamm

واشنگٹن سے جمعہ انتیس جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی کے این اے کی رپورٹوں کے مطابق یہ سینکڑوں مظاہرین مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی شام ملکی صدر ٹرمپ کی اس حکمت عملی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کر رہے تھے، جس کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ نے دیگر ممالک سے تارکین وطن کی غیر قانونی طور پر امریکا آمد کے خلاف ’صفر برداشت‘ کی سوچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

ان قریب 600 گرفتار شدگان میں اکثریت خواتین مظاہرین کی ہے۔ یہ افراد غیر قانونی تارکین وطن کے ان خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان سے امریکی حکام کے ناروا سلوک کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، جن کے نابالغ بچوں کو ان کے والدین سے علیحدہ حراست میں رکھا جا رہا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے اس اقدام پر بہت سی تنظیموں نے یہ کہہ کر شدید تنقید کی ہے کہ وہ تارکین وطن کے خلاف اپنی کارروائیوں میں مبینہ طور پر یہ بھی بھول گئی ہے کہ کسی بھی طرح کے حالات میں بالغوں کے بنیادی انسانی حقوق اور بچوں کے حقوق کا لازمی طور پر خیال رکھا جانا چاہیے۔

Protest gegen Trumps Einwanderungspolitik und Trennung von Familien in Washington
تصویر: Reuters/J. Ernst

ان مظاہروں کا اہتمام کرنے والی سرکردہ شخصیات میں شامل ایک خاتون سماجی کارکن لِنڈا سارسور نے نیوز ایجنسی کے این اے کو بتایا، ’’امریکی پارلیمان کی عمارت کے سامنے اس احتجاج میں خاص طور پر بہت بڑی تعداد میں خواتین اس لیے شامل ہوئیں کہ وہ تارکین وطن کے خاندانوں کی امریکی حکام کی طرف سے جبری تقسیم اور نابالغ بچوں کے ان کے والدین سے علیحدگی کے بعد مختلف حراستی مراکز میں رکھنے جانے پر شدید نالاں تھیں۔‘‘

واشنگٹن میں ملکی کانگریس کے سامنے ان احتجاجی مظاہروں میں ہزارہا افراد شریک ہوئے اور ان کا مطالبہ تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ غیر قانونی تارکین وطن کو ’مجرم بنا کر پیش کرنے‘ سے باز رہے۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار شدگان میں مبینہ طور پر امریکی کانگریس کے کئی ارکان بھی شامل ہیں، جو ’مظاہرین کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے ان میں گھل مل گئے تھے‘ لیکن گرفتار کر لیے گئے۔

آئندہ ویک اینڈ پر (ہفتہ تیس جون اور اتوار یکم جولائی کو) امریکا میں تارکین وطن کی نمائندہ کئی تنظیموں اور شہری اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم کئی اداروں  نے ٹرمپ انتظامیہ کی تارکین وطن سے متعلق سیاست کے خلاف واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے سامنے بھی ایک بہت بڑے احتجاجی مظاہرے کا پروگرام بنا رکھا ہے۔

م م / ش ح / کے این اے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید