1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امانوئل ماکروں کا مشورہ، نوجوان کو نوکری

27 ستمبر 2018

چند روز قبل ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس میں فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں ایک بے روزگار نوجوان سے کہہ رہے تھے، کہ ’بس سٹرک پار نوکری آپ کی منتظر ہے‘۔ اس نوجوان کو اب نوکری مل گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/35aZY
Frankreich Tag der Offenen Tür im Elysée-Palast | Emmanuel Macron, Präsident
تصویر: Reuters/A.C. Poujoulat

جوناتھن جہان نامی ایک نوجوان کچھ روز قبل ایک ویڈیو میں دکھائی دیا تھا، جس میں وہ صدر امانوئل ماکروں سے شکایت کر رہا تھا کہ اسے نوکری نہیں مل رہی۔ اس ویڈیو میں ماکروں کی جانب سے اسے کہا گیا تھا کہ نوکریوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ سڑک پار کریں تو کوئی نہ کوئی نوکری منتظر ہو گی۔ یہ ویڈیو وائرل ہو جانے کے بعد اس نوجوان کی ملازمت کے حصول سے متعلق پریشانی عام افراد تک میں زیربحث تھی۔

جنرل اسمبلی: ماکروں کا ٹرمپ کو بھرپور جواب

دہشت گردی کے خلاف جنگ، پاکستان نے بھاری قیمت چکائی، ماکروں

25 سالہ جوناتھن جہان پیرس کے رہائشی ہیں اور انہیں ایک کوچ ڈرائیور کی نوکری مل گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عارضی ملازمتوں سے متعلق ایک ایجنسی نے ان سے رابطہ کیا اور انہیں یہ ملازمت پیش کی۔ جہان نے باغبانی سے متعلق تعلیم حاصل کر رکھی ہے، تاہم وہ کئی ماہ سے کوئی ملازمت تلاش کرنے میں ناکام رہے تھے۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق جوناتھن جہان نے نوکری کی یہ پیش کش قبول کر لی ہے۔

ایک مقامی ٹی وی چینل سے بات چیت میں جہان نے کہا، ’’میں بہت خوش ہوں کہ مجھے کام مل گیا ہے اور کام بھی ایسا جو مجھے کرنے میں لطف آئے گا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل ملازمت کی 20 پیش کشیں اور انٹرویو وہ ٹھکرا چکے ہیں۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کی وجہ سے جوناتھن جہان کے لیے تو متعدد نئے راستے کھل گئے، مگر صدر ماکروں کو اس تناظر میں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ میڈیا پر یہاں تک بحث ہوئی کہ ملک میں نو فیصد بے روزگاری کی شرح موجود ہے، جبکہ ماکروں کا کہنا ہے کہ کیفے، ریستورانوں اور ہوٹلوں میں ملازمین تلاش کیے جا رہے ہیں، ’’اگر میں آپ کے ساتھ ابھی سڑک عبور کروں، تو کوئی نہ کوئی نوکری وہاں آپ کی منتظر ہو گی۔‘‘۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صدر ماکروں پر جاری تنقید کے تناظر میں ان کی عوامی مقبولیت تک میں فرق پڑا ہے۔ رواں ہفتے سامنے آنے والے عوامی جائزوں کے مطابق 40 سالہ صدر ماکروں کی عوامی مقبولیت کم ہو کر 30 فیصد پر آ چکی ہے۔ گزشتہ برس مئی میں عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد وہ پہلی مرتبہ اتنی کم عوامی مقبولیت کے حامل ہوئے ہیں۔

ڈیوڈ میتھو، ع ت، ص ح