1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امانوئل ماکروں فرانس، جرمنی اور يورپ کے ليے اميد ہيں، ميرکل

عاصم سلیم
8 مئی 2017

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے کہا ہے کہ نہ صرف لاکھوں فرانسيسی بلکہ جرمنی اور يورپی سطح پر بھی لاکھوں لوگوں کی ماکروں سے اميديں وابستہ ہيں۔ ميرکل نے يورپی يونين کو مضبوط بنانے سے متعلق ماکروں کے عزم کو بھی سراہا۔

https://p.dw.com/p/2cbeQ
Frankreich Unterstützer von Emmanuel Macron feiern nach der zweiten Runde der französischen Präsidentschaftswahlen 2017
تصویر: picture alliance/dpa/Maxppp/D. Fouray

انگيلا ميرکل نے پير کے روز اپنے ايک بيان ميں کہا ہے کہ وہ اعتدال پسند يورپ نواز رہنما امانوئل ماکروں کی فرانسيسی صدارتی اليکشن ميں کاميابی پر بے انتہا خوش ہيں۔ جرمن چانسلر کے بقول صرف فرانس کے ہی نہيں بلکہ جرمنی اور يورپی سطح پر بھی لاکھوں لوگ ماکروں سے اميديں لگائے بيٹھے ہيں۔ اپنے بيان ميں چانسلر ميرکل نے ان مشکل وقتوں ميں يورپی يونين کو مضبوط بنانے سے متعلق ماکروں کے عزم کو بھی سراہا۔

انگيلا ميرکل نے کہا، ’’ماکروں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران يورپ نواز خيالات اور بہادری کا مظاہرہ کيا۔‘‘ جرمن چانسلر کے بقول پچھلی چند دہائيوں کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور دوستی کافی مضبوط ہو گئے ہيں اور انہی تعلقات ميں تسلسل جرمن پاليسی کی حصہ ہے۔ ’’جرمنی اور فرانس کو بہت سے يکساں چيلنجز کا سامنا ہے اور دونوں ملکوں کی کوشش ہے کہ يورپی يونين کو کامياب اور محفوظ مستقبل کی طرف لے جايا جائے۔‘‘ جرمن چانسلر نے اميد ظاہر کی کہ ماکروں کے ساتھ تعاون اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔

يہ امر اہم ہے کہ اتوار سات مئی کو منعقدہ فرانسيسی صدارتی اليکشن ميں جرمن حکومت نے دائيں بازو کی سياست دان اور يورپی يونين کی مخالف ميرين لے پين کے خلاف امانوئل ماکروں کی حمايت کی تھی۔ ماکروں نے انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد اتوار ہی کی رات جرمن چانسلر انگيلا ميرکل سے بذريعہ ٹيلی فون رابطہ بھی کيا۔

دريں اثناء اطلاع ہے کہ نومنتخب صدر امانوئل ماکروں آئندہ اتوار کو حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے بيرون ملک دورے پر جرمنی جائيں گے۔ يہ بات ان کی ايک قريبی ساتھی اور يورپی پارليمان کی رکن سلوی گولارڈ نے بتائی ہے۔