1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’المیہ اداکاری کے بادشاہ‘ دلیپ کمار چورانوے برس کے ہو گئے

علی کیفی
11 دسمبر 2016

گیارہ دسمبر اتوار کے روز بھارتی فلمی صنعت کے مایہ ناز اداکار دلیپ کمار کی چورانوے ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر انہیں برصغیر پاک و ہند کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2U64g
Indien Schauspieler Dilip Kumar Bollywood
دلیپ کمار کی یہ تصویر دو ستمبر 2008ء کو نئی دہلی میں اتاری گئی، جب انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھاتصویر: AP

دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944ء میں فلم ’جوار بھاٹا‘ سے کیا تھا، جو بمبے ٹاکیز پروڈکشن کمپنی کی زیر نگرانی بنی تھی۔ اُن کے کیریئر کی آخری فلم ’قلعہ‘ کے نام سے 1998ء میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں اُن کا ڈبل رول تھا۔ اس فلم کے بعد اُنہوں نے خرابیٴ صحت کی بناء پر فلمی دنیا کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

آرٹ فلموں سے عالمی شہرت پانے والے بھارتی ہدایتکار ستیہ جیت رے نے ایک بار دلیپ کمار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُنہیں انتہائی مکمل ’میتھڈ ایکٹر‘ قرار دیا تھا یعنی قدرتی اداکاری کرنے والا ایک ایسا فنکار، جو اپنے کردار کی تمام کیفیات کو ساتھ لے کر چلتا ہے۔

دلیپ کمار کی لازوال فلموں میں ’انداز‘، ’داغ‘ اور ’گنگا جمنا‘ جیسے شاہکار شامل ہیں۔ اُنہیں ’المیہ اداکاری کا بادشاہ‘ بھی کہا جاتا ہے تاہم جب وہ مسلسل المیہ کردار ادا کر کے اُکتا گئے تو اُنہوں نے مزاحیہ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور کامیاب رہے۔ ایسی فلموں میں ’آزاد‘، کوہِ نور‘، ’لیڈر‘ اور ’رام اور شیام‘ بھی شامل تھیں۔

Bollywood Filmstar Dilip Kumar
دلیپ کمار اپنی اہلیہ سائرہ بانو کے ساتھ، یہ تصویر 22 جنوری 2009ء کو ممبئی میں اتاری گئیتصویر: AP

اپنے چھ عشروں پر محیط کیریئر کے دوران دلیپ کمار نے کامنی کوشل، مینا کماری، نرگس، نمی اور مدھوبالا جیسی ہیروئنوں کے ساتھ کام کیا۔ خود دلیپ کمار وجنتی مالا، وحیدہ رحمان اور راکھی کے ساتھ ساتھ خاص طور پر سمیتا پاٹل کے فن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہ سب وہ اداکارائیں تھیں، جن کے ساتھ دلیپ کمار نے کام کیا۔

1922ء میں پشاور میں پیدا ہونے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے۔ 1944ء میں فلم جوار بھاٹا سے اپنے چھ عشروں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر کا آغاز کرنے والے دلیپ کمار نے ساٹھ سے زائد فلموں میں کام کیا۔ بھارتی فلم انڈسٹری میں فلم فیئر ایوارڈز کو انتہائی معتبر خیال کیا جاتا ہے۔ دلیپ کمار کو آٹھ مرتبہ ’بہترین اداکار کی کیٹیگری‘ میں اِس ایوارڈ سے نوازا گیا، جو کہ آج تک ایک ریکارڈ ہے۔ کوئی دوسرا اداکار مسلسل آٹھ مرتبہ’ بہترین اداکار‘ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے سے ابھی تک محروم رہا ہے۔

Indien Film Bollywood Schauspieler Rajesh Khanna
ممبئی، 2 جون 2005ء: ایک سینما گھر کی افتتاحی تقریب، اداکار راجیش کھنہ دلیپ کمار کے ہاتھ پر بوسہ دے رہے ہیں، ساتھ ہیں، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ولاس راؤ دیش مکھتصویر: AP

حکومتِ بھارت کی جانب سے اُنہیں 1991ء میں پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، 1994ء میں انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ دیا گیا جبکہ گزشتہ سال اُنہیں بھارتی فلمی صنعت کے لیے خدمات کے بدلے میں پدم وبھوشن کے اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ 1998ء میں اُنہیں اُن کی سماجی خدمات کے بدلے میں پاکستان کے ایک بڑے سول اعزاز نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔