1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الطاف حسین کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمہ درج

14 جولائی 2015

پاکستانی پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت ایک مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی ایک تازہ تقریر میں ملک کی طاقتور فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

https://p.dw.com/p/1FyX3
تصویر: Getty Images/ASIF HASSAN/AFP

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے صوبہ سندھ میں پولیس کے سربراہ کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ لندن میں رہائش پذیر الطاف حسین کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

صوبائی پولیس کے سربراہ کے ترجمان کے مطابق، ’’ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن چھ اور پاکستان پینل کوڈ کی مختلف شقوں کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔‘‘ پاکستان میں متعدد اقسام کے ایسے جرائم بھی انسداد دہشت گردی قوانین کا حصہ ہوتے ہیں، جو براہ راست تشدد کا باعث نہیں بنتے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق الطاف حسین کے خلاف یہ مقدمات پیر تیرہ جولائی کی شب دائر کیے گئے۔ ان سے ایک روز قبل الطاف حسین نے اتوار کے دن لندن سے ٹیلی فون کے ذریعے کراچی میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ملکی فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس تقریر میں انہوں نے پیرا ملٹری فورسز پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں پر تشدد اور انہیں ہلاک کرنے کی مرتکب ہو رہی ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ پاکستان میں صوبہ سندھ میں نیم فوجی دستے سیاسی، مذہبی، نسلی اور جرائم پیشہ بنیادوں پر ہونے والے تشدد کو روکنے کے لیے اپنا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

صوبہ سندھ کے شہری علاقوں کی طاقتور سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ اس صوبے میں اپنی گرفت مضبوط رکھنے کے لیے قتل اور اغوا کی وارداتوں میں ملوث ہوتی رہتی ہے۔ دوسری طرف اس سیاسی جماعت کا موقف ہے کہ سکیورٹی فورسز اپنی پرتشدد کارروائیوں سے اس جماعت کی سیاسی بنیادوں کو ہلانا چاہتی ہیں۔

Pakistan Mitglieder der Oppositionspartei MQM vor Gericht
’سکیورٹی فورسز اپنی پرتشدد کارروائیوں سے اس جماعت کی سیاسی بنیادوں کو ہلانا چاہتی ہیں‘ الطاف حسینتصویر: Reuters/A. Soomro

الطاف حسین نے اپنی اس تازہ تقریر میں الزام عائد کیا تھا کہ سندھ میں تعینات رینجرز متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کے کچھ عناصر اس قومی ادارے کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

الطاف حسین نے وفاقی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ الطاف حسین پاکستان میں فعال اس سیاسی جماعت کے سیاسی و انتظامی معاملات لندن میں بیٹھ کر دیکھتے ہیں۔ انہوں نے نوے کی دہائی میں برطانیہ جا کر سیاسی پناہ حاصل کر لی تھی اور کئی سال پہلے وہ برطانوی شہریت بھی حاصل کر چکے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں