1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الشباب کواتفاق و اتحاد سے شکست دی جا سکتی ہے: جان کیری

عابد حسین4 مئی 2015

امریکی وزیر خارجہ نے مشرقی افریقی ملکوں کے دورے کے دوران کینیا پہنچ کر الشباب کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو اہم قرار دیا ہے۔ الشباب نامی جہادی گروپ صومالیہ میں سرگرم ہے لیکن وہ کینیا میں بھی حملے کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FK0z
تصویر: picture alliance / AP Photo

امریکی وزیر خارجہ نے کینیا پہنچ کر کہا کہ کینیا میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے جو کوششیں ہو رہی ہیں، اُن میں امریکا کینیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔ کیری نے صومالیہ میں سرگرم جہادی تنظیم الشباب کو شکست دینے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ ساتھ علاقائی حکام کو اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کی تلقین بھی کی۔ نیروبی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے اعلان میں بتایا گیا کہ امریکی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران یہ طے کیا گیا ہے کہ نیروبی حکومت امریکا کے ساتھ مزید قریبی روابط استوار کرتے ہوئے خطے میں دہشت گردی کی مالی معاونت کے سلسلے کو روکنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

آج پیر کے روز کینیا کے صدر نے امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں واضح کیا کہ اُن کے ملک کو تربیت، خصوصی آلات اور نگرانی کے لیے درکار مہارت کی اشد ضرورت ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ نے امکاناً کینیا کے صدر اُوہورُو کینیاٹا کے ساتھ ملاقات میں انسانی حقوق کی صورت حال کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار بھی کیا ہو گا۔ امریکا سن 2007 سے الشباب کے جہادیوں کی سرکوبی کے لیے علاقائی ملکوں کو تقریباً نصف بلین ڈالر کی امداد فراہم کر چکا ہے۔ سن 2012 کے بعد کسی بھی امریکی وزیرخارجہ کا مشرقی افریقہ کا یہ انتہائی اہم دورہ قرار دیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ کینیا کے ہزاروں فوجی ہمسایہ ملک صومالیہ کے جنوبی حصے میں افریقی یونین کی مشترکہ فوج کا حصہ ہیں۔

Lausanne Atomverhandlungen Abschlußstatement Kerry
امریکی وزیر خارجہ جان کیریتصویر: Reuters/Ruben Sprich

کیری نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں پریس کانفرنس کے دوران افریقہ کے لیے اضافی پینتالیس ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔ اِس امداد سے کینیا میں چھ لاکھ مہاجرین کی خاص طور پر نگہداشت کے عمل کو تقویت دی جائے گی۔ انہوں نے نیروبی حکومت کی بھی تعریف کی کہ وہ مہاجرین کی دیکھ بھال مناسب انداز سے کر رہی ہے۔ کینیا میں چار لاکھ مہاجرین صومالیہ سے پہنچے ہوئے ہیں اور اسی طرح جنوبی سوڈان سے بھی ہزاروں مہاجرین کینیا میں مقیم ہے۔ امریکا کینیا کو سن 2014 سے 289 ملین ڈالر کی امداد انسانی ہمدردی کے ضمن میں دے چکا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری سعودی عرب اور فرانس کے دورے کے دوران علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق افریقی ملک کینیا گئے ہوئے امریکی وزیر کی اگلی منزل جبوتی ہے۔ جبوتی میں ہی قرن افریقہ کی نگرانی کرنے والی امریکی فوج کا زیادہ حصہ مقیم ہے۔ جبوتی کے بعد وہ سعودی عرب روانہ ہو جائیں گے۔ سعودی دارالحکومت میں وہ یمنی بحران کے حوالے سے اہم لیڈران سے علاقائی سلامتی کے امور پر بات چیت کریں گے۔سعودی عرب کے بعد کیری کی اگلی منزل فرانس ہے۔ خلییج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ سے وہ پیرس پہنچ کر خطے کے معاملات پر گفتگو کرنے والے ہیں۔ پیرس ہی میں جنگ عظیم دوم کی تقریبات میں شرکت کے بعد وہ بدھ کے دن فرانسیسی وزیرخارجہ لاراں فلابیوس سے میٹنگ کریں گے۔