1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

السلواڈور کے سابق صدر، ملک بدری سے بچنے کے لیے شہریت بدل لی

31 جولائی 2021

وسطی امریکی ملک السلواڈور کے سابق صدر نے نکاراگووا کی شہریت حاصل کر لی ہے۔ ایسا کرنے سے انہوں نے ملک بدری کے خدشے سے نجات حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/3yMW0
Kombobild Mauricio Funes und Sanchez Ceren

السلواڈور کے سابق صدر سانچیز سیرین کے لاطینی امریکی ملک نکاراگووا کی شہریت اختیار کرنے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ان کا نام ملکی گزٹ میں بھی اب شامل کر دیا گیا ہے۔ اس نئی پیش رفت کے بعد اب السلوڈور کے سابق صدر کو ملک بدر نہیں کیا جا سکے گا۔ ان کے سابقہ ملک نے ان کی گرفتاری کے وارنٹ قریب ایک ہفتہ قبل جاری کیے تھے۔

جھوٹ نہیں بولوں گا، عوام سے بدعہدی نہیں کروں گا، میکسیکن صدر

منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے الزامات

السلواڈور کی حکومت نے سابق صدر سیرین پر منی لانڈرنگ اور مالی غبن کے ساتھ ساتھ ذاتی اثاثوں میں غیر معمولی اضافہ کرنے کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔ انہی الزامات کے تحت سابقہ ملک کے دارالحکومت سان سلواڈور سے دفترِ استغاثہ نے ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔

El Salvador I Nayib Bukele
سن 2019 میں منصبِ صدارت سنبھالنے والے نائب بوکیلے سابق صدر سیرین کے ساتھ تقریب حلف برداری میںتصویر: Camilo Freedman/ZUMA/picture alliance

سانچیز سیرین جنوبی امریکی براعظم کے ملک السلواڈور کے پینتالیسویں صدر تھے۔ ان کی مدت صدارت پہلی جون سن 2014 سے لے کر پہلی جون سن 2019 تک تھی۔ انہوں نے بائیں بازو کی سیاسی جماعت نیشنل لبریشن فرنٹ کے امیدوار کی حیثیت میں صدارتی الیکشن جیتا تھا۔ وہ ملکی خانہ جنگی کے دوران ایک گوریلا لیڈر بھی رہے تھے۔

کرپشن کی تحقیقات: سابق فرانسیسی صدر سارکوزی حراست میں

سیرین کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا ہدف

سن 2019 میں کاروباری شخصیت نائب بوکیلے نے صدارتی الیکشن جیت کر منصبِ صدارت سنبھالا اور جلد ہی انہوں نے سابقہ حکومتوں میں کی جانے والی کرپشن کے خلاف تفتیش کا سلسلہ شروع کر دیا۔ اسی تفتیشی عمل کے دوران سابق صدر سانچیز سیرین سن 2020 کے مہینے دسمبر میں ممکنہ گرفتاری کے خدشے کا احساس کرتے ہوئے ملک چھوڑ کر نکاراگووا چلے گئے اور پھر واپس لوٹ کر نہیں آئے۔

بوکیلے نے کچھ عرصہ قبل ایک مسودہ قانون پارلیمنٹ سے منظور کروایا ہے کہ سابقہ حکومتوں میں کی جانے والی کرپشن کی مکمل تفتیش کی جائے گی اور بدعنوانی کا ارتکاب کرنے والے افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

کرپشن کے الزامات: نیتن یاہو کے خلاف بڑے عوامی مظاہرے

صدر بوکیلے نے حال ہی میں انسداد بدعنوانی کے ایک قانون کی منظوری کے بعد ٹویٹ کیا تھا کہ اگر کوئی بدعنوان ہے تو وہ پھر سکون کی نیند نہیں سو پائے گا۔

رواں ماہ کے اوائل میں تفتیش کاروں نے دائیں بازو کی سیاسی جماعت کے صدر دفتر پر چھاپہ مار کر وہ رقوم ضبط کر لی، جس کے بارے میں کہا گیا کہ یہ غبن سے جمع کی گئی تھی۔

El Salvador Präsident Mauricio Funes (2012)
السلواڈور کے سابق صدر موریسیئو فیونس بھی نکاراگوا کی شہریت حاصل کر چکے ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/L. Romero

السلواڈور کے صدور اور نکاراگوا کی شہریت

سانچیز سیرین دوسرے السلواڈورین صدر اور قد آور سیاسی شخصیت ہیں جنہوں نے نکاراگوا کی شہرت حاصل کی ہے۔ دو برس قبل ایک اور سابق صدر موریسیئو فیونیس نے بھی نکاراگووا کی شہریت حاصل کی تھی۔ فیونیس السلواڈور کے چوالیسویں صدر تھے۔ یہ امر اہم ہے کہ موریسیئو فیونیس اور سانچیز سیرین کا تعلق بائیں بازو کی سیاسی جماعت نیشنل لبریشن فرنٹ سے تھا۔

جمہوریہ نکاراگووا وسطی امریکی استھمس (خشکی کی وہ پٹی جس کے دونوں طرف سمندر ہو) کا سب سے بڑا ملک ہے۔ اس پر سابقہ سانڈینیسٹا  باغی لیڈر ڈینیئل اورٹیگا کی حکومت ہے اور ان کا سیاسی میلان بائیں بازو کی جانب ہے۔ اسی وجہ سے ان کے ملک نے السلواڈور کے دو لیفٹسٹ صدور کو شہریت دے کر ان کو ایک طرح سے تحفظ دیا ہے۔

ع ح/ع ت (ڈی پی اے)