1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان انتقال کر گئے

18 اگست 2018

اقوام متحدہ کے ساتویں سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دینے والے کوفی عنان 80 برس کی عمر میں سوئٹزرلینڈ میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے خاندان اور ’ایلڈرز‘ فاؤنڈیشن کی جانب سے عنان کے انتقال کی اطلاع ہفتے کی دوپہر دی گئی۔

https://p.dw.com/p/33M6x
Irland -   UN Generalsekretär Kofi Annan beim National Forum
تصویر: Reuters

کوفی عنان کو اقوام متحدہ کے ساتھ مشترکہ طور پر سن 2001 ء میں امن کا نوبل انعام بھی دیا گیا تھا۔ ہفتہ 18 اگست کی صبح کوفی عنان کے اہل خانہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے یہ اطلاع عام کی۔ اس بیان میں کہا گیا، ’’اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل اور نوبل امن انعام یافتہ کوفی عنان مختصر علالت کے بعد ہفتے کو انتقال کر گئے۔‘‘

کیا جمہوریت کو ٹیکنالوجی سے خطرہ ہے؟

کيا روہنگيا مسلمانوں کی روداد سن لی گئی ہے؟

گھانا میں پیدا ہونے والے بین الاقوامی سفارت کار  حالیہ کچھ عرصے سے روہنگیا بحران کے تدارک کے لیے سرگرم تھے۔ اس سے قبل کوفی عنان نے کچھ عرصے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے شام کے بہ طور بھی کام کیا تھا۔ کوفی عنان دی ایلڈرز نامی اس تنظیم کے سربراہ بھی تھے، جس کی بنیاد سابق جنوبی افریقی رہنما نیلسن منڈیلا نے رکھی تھی۔

عنان بیس برس کی عمر میں اسکالرشپ پر امریکا گئے تھے، جہاں انہوں نے معیشت کی تعلیم حاصل کی تھی۔ بعد میں انہوں نے اعلیٰ تعلیم جنیوا سے لی۔ کوفی عنان نے اپنے کیریئر کا آغاز اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت سے کیا اور پھر متعدد عہدوں پر افریقہ میں کام کیا۔ اسی ادارے کے ساتھ انہوں نے نیویارک میں بھی خدمات انجام دیں۔

سن 1996ء میں انہیں اقوام متحدہ کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا جب کہ سن 2001 میں ایڈز کے خلاف اقوام متحدہ کے مؤثر اقدامات اور دنیا بھر میں شہری حقوق کے لیے کام کرنے پر انہیں اقوام متحدہ کے ساتھ مشترکہ طور پر امن کا نوبل انعام بھی دیا گیا تھا۔

ع ت، م م (روئٹرز، اے ایف پی)