1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان خواتین کی طالبان حکومت کے خلاف مزاحمت

16 ستمبر 2021

جب سے طالبان نے اقتدار سنبھالا ہے، ان کے احکامات اور کریک ڈاؤن سے یہ ثابت ہو رہا ہے کہ ان بنیاد پرستوں کی حکومت خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کو ُبری طرح دبا کر رکھنا چاہتی ہے۔

https://p.dw.com/p/40ODu
Afghanistan Kabul Demonstration gegen Pakistan
تصویر: HOSHANG HASHIMI/AFP

جب سے طالبان نے اقتدار سنبھالا ہے، ان کے احکامات اور کریک ڈاؤن سے یہ ثابت ہو رہا ہے کہ ان بنیاد پرستوں کی حکومت خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کو ُبری طرح دبا کر رکھنا چاہتی ہے۔

افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آتے ہی وزارت داخلہ کے اولین سرکاری حکم نامے میں کہہ دیا گیا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر مظاہروں پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ اس کی مزید تفصیلات میں کہا گیا کہ مظاہرین کو احتجاج سے پہلے سرکاری اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا اور سکیورٹی ایجنسیوں کو تمام تفصیلات سے آگاہ کرنا ہو گا، جیسے کے احتجاج کے دوران کس قسم کے نعرے لگائے جائیں گے؟

افغانستان کی وزارت داخلہ کی سربراہی سراج الدین حقانی کر رہے ہیں۔ یعنی موجودہ افغان وزیر برائے امور داخلہ وہ ہیں، جو امریکا کو دہشت گردی کے الزامات کے تحت مطلوب ہیں۔ حقانی نے کہا کہ مذکورہ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں احتجاج یا مظاہرہ کرنے والوں کو 'سخت قانونی نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

داعش کے خلاف لڑائی میں افغان عورتوں نے بھی ہتھیار اٹھا لیے

Afghanistan Frauen Protest gegen die Taliban
طالبان کے خلاف افغان خواتین کا مظاہرہتصویر: Hoshang Hashimi/AFP/Getty Images

پابندیوں کا نشانہ کون؟

ان پابندیوں کا نشانہ بنیادی طور پر وہ خواتین تھیں جو ایکٹیوسٹس ہیں اور جوان بنیاد پرست مسلمانوں کے اقتدار پر قابض ہونے کے بعد سے طالبان مخالف مظاہروں کا ہراول دستہ ہیں۔ کابل میں مقیم خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن محبوبے نسرین نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،'' ہم اپنے حقوق کے لیے مظاہرے کرتے رہیں گے۔ سرکاری اجازت کے بغیر بھی۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا،''طالبان کی زیر قیادت وزارت داخلہ نے ابھی کام صحیح سے شروع بھی نہیں کیا۔ ہم ان سے کیوں اجازت مانگیں؟ یہ امر واضح ہے کہ وہ ہمیں اجازت نہیں دیں گے جبکہ انہیں پتا ہے کہ ہم کیوں اکٹھا ہو رہے ہیں۔‘‘

نسرین ستمبر کے اوائل سے ہی کابل میں مظاہروں کی منتظم ہیں۔ حالیہ مظاہرے میں انہیں طالبان نے گرفتار کر لیا تھا۔ نسرین کے بقول،'' انہوں نے میرے ڈیٹا کو ایک سسٹم میں ڈالا اور مجھے مظاہرے کے انعقاد سے باز رہنے کو کہا۔ مگر میں رکنے والی نہیں۔ اگر ہم لڑیں گے نہیں تو اس کا مطلب ہوا ہم ہار گئے۔‘‘

’میرا نام طالبان کی ہٹ لسٹ پر ہے‘

Afghanistan Frauen Protest gegen die Taliban
خواتین کا مردوں کے برابر کے حقوق کا مطالبہتصویر: Hoshang Hashimi/AFP/Getty Images

افغان خواتین کے لیے مشکل راہ

طالبان کے قبضے کے بعد سے افغانستان کی خواتین کو انتقامی کارروائیوں اور اپنے حقوق کے خلاف مزید پابندیوں کا خوف ہے۔ جب یہ انتہا پسند گروپ آخری بار برسر اقتدار آیا تھا، تب یعنی 1996ء سے 2001 ء تک ، اس نے خواتین کو تعلیم سے محروم کیا اور انہیں عوامی زندگی سے بالکل نکال دیا تھا۔ اب دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد طالبان نے خواتین کے حقوق کے احترام کا وعدہ تو کیا ہے مگر محض شریعت کے اپنے نظریے اور اس کی تشریح کے مطابق۔ انتہا پسند طالبان نے خواتین کے امور کی وزارت کو فوری طور سے ختم کر دیا۔ یہ خواتین کے لیے ایک دشوار راستے کی نشاندہی کرتا ہے۔ طالبان کی نئی حکومت میں تمام مرد اراکین شامل ہیں وہ بھی انتہا پسند ' ملاؤں‘ کی اکثریت پر مشتمل۔ یہاں تک کہ وزارت تعلیم میں کسی خاتون  کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔

طالبان کے افغانستان میں خواتین کا کیا بنے گا؟

Afghanistan | Taliban in Kabul
سقوط کابل کے ساتھ ہی خواتین نے بیوٹی سلون پر نصب تصاویر ہٹانا شروع کر دی تھیںتصویر: Kyodo/picture alliance

گزشتہ حکومت کے دور میں کابل یونیورسٹی میں بحیثیت لکچرر کام کرنے والی ایک خاتون نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو اگست کے اواخر میں بتایا تھا کہ طالبان نے یونیورسٹیوں کے کاموں کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے صرف مرد اساتذہ کو صلاح و مشورے کے لیے مدعو کیا۔ انہوں نے بتایا،''اس اہم فیصلہ سازی میں خواتین کی شرکت کو منظم طریقے سے روکا جا رہا ہے۔ طالبان کے وعدوں اور فعل میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔‘‘

گرچہ طالبان کے قائم مقام وزیر تعلیم عبدالباقی حقانی نے حال ہی میں کہا تھا کہ خواتین کو یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت ہوگی تاہم مخلوط کلاسوں پر پابندی ہو گی۔

 

شبنم فون ہائن/ ک م/ ع ا