1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اظہرعلی کی سنچری، پاکستان کی پوزیشن مزید بہتر

27 اکتوبر 2011

سری لنکا اور پاکستان کے مابین جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں اظہر علی کی محتاط اننگز کے نتیجے میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہو گیا ہے۔ وہ اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بنانے کے بعد دوسرے دن کے آخری لمحات میں دلشان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

https://p.dw.com/p/130M8
یونس خان نے نصف سنچری بنائیتصویر: AP

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں دبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے دوران پاکستانی بلے بازوں کی اچھی کارکردگی کی بدولت پاکستان نے سری لنکا پر 42 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان نے سری لنکا کی پہلی اننگز کے اسکور 239 کے جواب میں 281 رنز بنا لیے ہیں جبکہ اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔

دن کے آغاز پر جب پاکستان نے پہلے دن کے اپنے مجموعی اسکور 42 بغیر کسی نقصان کے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو اوپنرز جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ محمد حفیظ 33 جبکہ توفیق عمر 23 کے اسکور پر فاسٹ بولر دھامیکا پرساد کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں اظہر علی اور یونس خان نے پاکستانی ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 117 رنز بنائے۔ محمد یونس 55 کے انفرادی اسکور پر دلشان کی ایک اچھی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ تاہم اظہر علی نے اپنی محتاط اننگز جاری رکھی اور کپتان مصباح الحق کے ساتھ مل کر اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 94 رنز جوڑے۔ اظہر علی نے9 چوکوں کی مدد سے 242  گیندوں پر 100 رنز مکمل کیے۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Misbah-ul-Haq
دوسرے دن کے اختتام پر کپتان مصباح الحق 40 اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیںتصویر: APImages

دوسرے دن کے اختتام پر کپتان مصباح الحق 40 جبکہ نائٹ واچ مین سعید اجمل پانچ کے اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کو اس وقت سری لنکا پر بیالیس رنز کی سبقت حاصل ہو چکی ہے۔ کرکٹ مبصر رمیز راجہ کے بقول دبئی کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ جس طرح کا برتاؤ کر رہی ہے، اس کے مطابق پاکستان کو اگر اپنی پہلی اننگز میں 100 رنز کی برتری بھی حاصل ہو جاتی ہے تو سری لنکا کے لیے مشکلات پیدا ہو جائیں گی۔

دوسرے دن کے کھیل میں سری لنکا کے مرکزی بولر رنگانہ ہیراتھ اپنی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے اپنی ٹیم کے لیے کارآمد ثابت نہ ہو سکے۔ اسی طرح دیگر بولرز سرنگا لکمل اور چھناکا ویلیگدارا کو بھی کوئی وکٹ حاصل نہ ہو سکی۔ سری لنکا کی طرف سے کپتان دلشان اور پرساد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ تیسرے دن کے کھیل میں اگر سری لنکا نے پاکستانی بلے بازوں کو جلد آؤٹ نہ کیا تو اس کے لیے یہ ٹیسٹ میچ ڈرا کرنا مشکل ہو جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں