1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسکول کے بچوں پر کار چڑھا کر پانچ بچے ہلاک کر دیے

22 نومبر 2018

شمال مشرقی چین میں ایک پرائمری اسکول کے بچوں پر کار چڑھانے کے واقعے میں پانچ بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس نے کار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/38i3Z
Symbolbild China Polizeiabsperrung
تصویر: Getty Images/AFP/E. Jones

کار چڑھانے کا یہ واقعہ جمعرات بائیس نومبر کی دوپہر  شمال مشرقی چینی صوبے لیاؤننگ کے ساحلی شہر ہُولوڈاؤ میں پیش آیا۔ اس واقعے میں پانچ بچوں کی ہلاکت کے علاوہ اٹھارہ دیگر افراد زخمی بتائے گئے ہیں۔ ان زخمیوں میں بھی دو بچے شامل ہیں۔

مقامی پولیس نے اس واقعے پر صرف اتنا کہا ہے کہ یہ ایک بڑا ٹریفک حادثہ ہے اور اس بارے میں چھان بین کا عمل جاری ہے۔ ٹریفک اور دوسرے سکیورٹی کیمروں سے واضح ہوا ہے کہ بچے ایک قطار میں اپنے اسکول کے سامنے والی گلی کو عبور کر رہے تھے کہ کار ان پر چڑھ دوڑی۔

ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں سات اور آٹھ برس بتائی گئی ہیں۔ بچوں کو کچلنے کے بعد یہ کار اپنے راستے تبدیل کرتی ہوئی آگے بڑھی اور پھر پیدل چلنے والے لوگوں پر چڑھ گئی۔ دو بچوں کے علاوہ بقیہ زخمی ہونے والے یہی لوگ تھے۔

پولیس حکام نے اس مناسبت سے بھی بات کرنے سے گریز کیا کہ بچوں پر کار دانستہ چڑھائی گئی یا  رکاوٹوں کو عبور کرنے کے دوران کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی۔ عینی شاہدین میں سے بعض کا خیال ہے کہ یہ حادثہ بظاہر ڈرائیور کی دانستہ کارروائی محسوس ہوتی ہے۔

Grundschule in China
ہولوڈاؤ میں ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں سات اور آٹھ برس بتائی گئی ہیں۔ تصویر: picture alliance/Photoshot/Hu Guolin

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی عمل شروع کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے مختلف راستے بند کر دیے اور لہو میں لتھڑے ہوئے زخمی بچوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔ نیوزایجنسی کے مطابق چند عینی شاہدین نے ایسی باتیں کرتے سنائی دیے کہ ڈرائیور نشے میں دھت دکھائی دے رہا تھا یا پولیس کی گرفت سے وہ مفرور ہوا تھا۔

چین میں سن 2010 میں ایک اسکول کے باہر کیے گئے حملے میں بیس بچوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔ ایک اور واقعے میں چینی صوبے ہُننان میں رواں برس ستمبر میں ایک شخص نے اپنی وین لوگوں پر چڑھا کر کم از کم گیارہ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعے میں چالیس سے زائد دیگر زخمی بھی ہوئے تھے۔ رواں برس اکتوبر میں چینی شہر نِنگبو میں گاڑی چڑھانے اور پھر چاقو کے حملوں سے دو افراد ہلاک اور سولہ زخمی ہوئے تھے۔ 

چینی منشیات فروش نے راہگیروں پر گاڑی چڑھا دی