1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین میں قبل از وقت عام الیکشن بیس نومبر کو

30 جولائی 2011

ہسپانوی وزیر اع‍ظم خوزے لوئیس ساپاتیرو نے مسائل کی شکار قومی معیشت میں بہتری کے عمل پر زور دیتے ہوئے مقررہ وقت سے چار ماہ پہلے ہی ملک میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ الیکشن بیس نومبر کو کرائے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/126hZ
ہسپانوی وزیر اع‍ظم خوزے لوئیس ساپاتیروتصویر: dapd

ساپاتیرو نے ملکی دارالحکومت میڈرڈ میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ اسپین میں قبل از وقت پارلیمانی الیکشن کی راہ ہموار ہو چکی ہے اور یہ انتخابات نومبر کی بیس تاریخ کو کرائے جائیں گے۔ اقتصادی ماہرین اس بات کو خاصا معنی خیز قرار دے رہے ہیں کہ ساپاتیرو نے نئے الیکشن کی تاریخ کا اعلان ایک ایسے وقت پر کیا ہے، جب بین الاقوامی مالیاتی ریٹنگ ایجنسی Moody's نے یہ دھمکی دے دی تھی کہ وہ اسپین کے اپنے ذمے قرضوں کی واپسی کے قابل ہونے کے حوالے سے میڈرڈ کی ریٹنگ میں آئندہ کمی کر دے گی۔

اس کے علاوہ میڈرڈ میں ابھی حال ہی میں جاری کیے گئے ملک میں بے روزگاری سے متعلق اعداد و شمار نے بھی ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا تھا کہ جزیرہ نما آئبیریا کے اس ملک میں روزگار کے متلاشی کارکنوں کی شرح سال رواں کی دوسری سہ ماہی میں بھی صنعتی طور پر ترقی یافتہ دنیا میں مسلسل سب سے زیادہ رہی۔

لیکن خود سوشلسٹ رہنما اور وزیر اعظم ساپاتیرو، جو سن 2004 سے اقتدار میں ہیں، کا کہنا ہے کہ ہسپانوی معیشت میں بہتری اور ترقی کا عمل جاری ہے اور اس کے لیے حکومت کی طرف سے مہیا کی گئی سیاسی بنیادوں کے نتیجے میں یہ مثبت پیش رفت آئندہ بھی جاری رہے گی۔ ساپاتیرو کے مطابق یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ملک میں وقت سے پہلے ہی نئے عام انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

Spanien Zapatero Neuwahlen
ہسپانوی وزیر اع‍ظم خوزے لوئیس ساپاتیرو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

ساپاتیرو نے اس سال اپریل میں ہی یہ کہہ دیا تھا کہ وہ سوشلسٹ پارٹی کے سربراہ کے طور پر اگلے عام الیکشن میں نئے سرے سے حکومتی سربراہ کے عہدے کے لیے امیدوار نہیں ہوں گے۔ اپنے اسی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے میڈرڈ میں صحافیوں کے بتایا کہ نومبر کے الیکشن کے نتیجے میں وہ تیسری مرتبہ وزیر اعظم نہیں بننا چاہیں گے بلکہ اس عہدے اور پارٹی کے نئے سربراہ کے طور پر ان کی جماعت وزیر داخلہ اور اپنے مرکزی رہنما الفریڈو پیریز روبالکابا کا انتکاب کر چکی ہے۔

روبالکابا نے، جو اسی ہفتے جمعرات کو ساٹھ برس کے ہو گئے تھے، وعدہ کر رکھا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد سربراہ حکومت بننے کی صورت میں ان کی سب سے بڑی ترجیح بے روزگاری کی بہت اونچی شرح میں کمی ہو گی۔

طے شدہ پروگرام کے مطابق میڈرڈ حکومت اگلے برس مارچ سے قبل نئے عام الیکشن کرانے کی پابند نہیں تھی لیکن اب حکومت نے ان انتخابات کے مقررہ وقت سے قریب چار ماہ قبل انعقاد کا جو اعلان کیا ہے، اس کا اپوزیشن نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں