1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین: ریفریجریٹڈ ٹرک سے آٹھ عراقی برآمد

عاطف توقیر
11 مارچ 2017

اسپین کے ایک مشرقی علاقے میں ایک ریفریجریٹڈ ٹرک میں چھپے چار بچوں سمیت آٹھ عراقی شہریوں کو برآمد کر لیا گیا ہے۔ یہ افراد غیرقانونی طور پر برطانیہ پہنچنے کی کوشش میں تھے۔

https://p.dw.com/p/2Z2vV
Tote Flüchtlinge in LKW entdeckt Österreich Polizei
تصویر: Reuters/H.P. Bader

ہفتے کے روز ہسپانوی پولیس نے بتایا کہ ایک ریفریجریٹڈ ٹرک میں چھپے ہوئے آٹھ عراقی باشندوں کو برآمد کیا گیا ہے اور ان تمام افراد کی صحت ٹھیک ہے۔

پولیس کے مطابق برآمد کیے جانے والے بچوں کی عمریں دو، پانچ، آٹھ اور دس برس ہیں اور انہیں ٹرک میں نصب ریفریجریٹر میں چھپا کر برطانیہ پہنچانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

پولیس کے بیان کے مطابق، ’’ہمیں ایک نامعلوم شخص نے گزشتہ روز (جمعے کو) کال کی اور اسی تناظر میں پولیس نے اس ٹرک کی تلاشی لی۔ یہ ٹرک A23 موٹر وے پر رواں دواں تھا اور تلاشی میں اس میں سے آٹھ عراقی شہری برآمد کیے گئے، جو تمام اچھی صحت میں تھے۔‘‘

Österreich Tote Flüchtlinge in LKW entdeckt Nickelsdorf
اس سے قبل آسٹریا میں ایسے ہی ٹرک سے 71 لاشیں ملیں تھیںتصویر: Reuters/H-P Bader

پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں سے کسی بھی شخص کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہیں تھی، تاہم پولیس یہ جاننے میں کامیاب رہی کہ ان کا تعلق عراق سے ہے۔

بتایا گیا ہے کہ برآمد ہونے والے افراد میں ایک ہی خاندان کے دو بالغ اور تین بچے شامل تھے، جب کہ دوسرے خاندان کی ایک عورت اپنی دو سالہ بیٹی کے ساتھ تھی۔ اس کے علاوہ برآمد کیا جانے والا ایک بالغ شخص تنہا تھا۔

فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ یہ افراد کتنی دیر سے ٹرک کے اس یخ بستہ حصے میں بند تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس ٹرک کو مشرقی ہسپانوی علاقے تیرویل پر روکا گیا، جب کہ اس ٹرک کی منزل برطانیہ تھی۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ افراد اسپین کیسے پہنچے۔

ٹرک کے 37 سالہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کا تعلق رومانیہ سے ہے اور اسے انسانوں کی اسمگلنگ کے الزام کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ بھی اسی صوبے میں ایک ریفریجریٹڈ ٹرک کی تلاشی کے دوران ایک عراقی خاندان برآمد کیا گیا تھا۔ یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ برس اگست میں آسٹریا میں ایسے ہی ایک ٹرک کی تلاشی کے دوران 71 افراد کی لاشیں ملی تھیں۔