1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام آباد: امریکی کرنل جوزف گاڑی میں تنہا تھے

8 اپریل 2018

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ایک گاڑی کی ٹکر سے ایک نوجوان کی ہلاکت پر پاکستان نے امریکی سفیر کو طلب کر کے احتجاج کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس معاملے کی جامع تحقیقات کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو انصاف مہیا کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/2vfyw
Bosnien und Herzegowina Signallicht
تصویر: DW/N. Veličković

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے پاکستانی دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار آٹھ اپریل کے دن امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو طلب کر کے اس روڈ ایکسیڈنٹ کی وجہ سے ایک پاکستانی نوجوان کی ہلاکت پر احتجاج کیا گیا۔ وزارت خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو بتایا گیا کہ ہفتے کو رونما ہونے والے اس حادثے کی وجہ سے ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔

ریمنڈ ڈیوس کی کتاب میں انکشافات: پاکستانی خفیہ ایجنسی ناراض

کیا ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں جمہوری  حکومت کا ہاتھ تھا؟

ریمنڈ ڈیوس امریکہ میں بھی لڑ پڑا

سات اپریل بروز ہفتہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ایک گاڑی نے بظاہر ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی تھی، جس کی وجہ سے اس موٹر سائیکل پر سوار بائیس سالہ عتیق بیگ ہلاک جبکہ اس کا دوست راحیل زخمی ہو گیا تھا۔ بعد ازاں راحیل نے پاکستانی میڈیا کو بتایا کہ ایک سفید رنگ کی گاڑی نے ٹریفک کا اشارہ توڑا تھا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا تھا۔

پاکستانی میڈیا پر اس حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سفید رنگ کی گاڑی اشارہ توڑتے ہوئے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مارتی ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کس طرح ہوا میں اچھلتے ہوئے دور جا گرتے ہیں۔

General Musharrafs Haus
تصویر: DW

پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں اس کیس کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور متاثرہ افراد کو انصاف مہیا کیا جائے گا۔ پاکستانی حکام کے مطابق اس روڈ حادثے کے بعد امریکی سفارتخانے کی گاڑی میں سوار امریکی سفارتکار کو مختصر وقت کے لیے حراست میں لے لیا گیا تھا تاہم سفارتی استثنیٰ حاصل ہونے کی وجہ سے انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔

پاکستانی وزیر داخلہ احسن اقبال کے بقول امریکی سفارتکار نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اور اس حوالے سے کیس درج کر لیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔ ادھر امریکی سفارتخانے نے اس حادثے پر افسوس اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس کیس کے سلسلے میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔

پاکستانی پولیس نے اس حادثے میں ملوث ہونے والے امریکی سفارتکار کی شناخت کرنل جوف ایمانوئل ہال کے نام سے کی ہے، جو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں ڈیفنس اتاشی ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثے کے وقت کرنل جوزف گاڑی میں اکیلے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے تحقیقات کے سلسلے میں حادثے میں ملوث گاڑی کو ضبط کر لیا ہے۔

ع ب / م م  /  اے پی