1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارجنٹائن فرانس کو شکست دے کر فٹ بال کا عالمی فاتح بن گیا

18 دسمبر 2022

ارجنٹائن نے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس کوپینلٹی شوٹ آؤٹ کے مقابلے میں شکست دے کر 36 سالوں بعد عالمی کپ اپنے نام کر لیا ہے۔ فرانس کا تیسری مرتبہ عالمی کپ جیتنےکا خواب پورا نہ ہو سکا۔

https://p.dw.com/p/4L8bl
FIFA Fußball WM 2022 in Katar | Finale Argentinien - Frankreich
تصویر: Nick Potts/PA Images/IMAGO

قطر میں کھیلے گئے فٹ بال کے عالمی کپ کی تاریخ کے ایک انتہائی ڈرامائی میچ میں ارجنٹائن نے فرانس کو شکست دے کر فتح کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی دنیائے فٹ بال کے ایک عظیم کھلاڑی اور ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اپنا اور اپنے ملک کا خواب پورا کر دیا۔ دوحہ کے لوسیل سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں فرانس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ کے مرحلے پر شکست ہوئی اور 2018ء کا عالمی چیپمئن اپنے اعزاز کا دفاع نہ کر سکا۔

FIFA Fußball WM 2022 in Katar | Finale Argentinien - Frankreich
میسی نے تیسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا اپنا اور اپنے ملک کا خواب پورا کر دیاتصویر: Manu Fernandez/AP Photo/picture alliance

میچ کے پہلے ہاف میں ارجنٹائن کا پلڑا بھاری رہا اور اسے دو گولوں کی برتری حاصل تھی۔ پہلا گول تیئیسویں منٹ میں لیونل میسی نے پینلٹی لگا کر کیا جبکہ دوسرا گول دے ماریا نے چھتیسویں منٹ میں کیا۔ اس موقع پر کھیل یکطرفہ دکھائی دے رہا تھا۔ تاہم دوسرے ہاف میں فرانس نے بھی پہلا گول پینلٹی کک پر کیا اور گول کرنے والے فرانس کے فارورڈ کھلاڑی ایم باپے تھے۔ پھر صرف ستانوے سیکنڈ کے وقفے سے ایم باپے نے دوسرا گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

یہ فائنل اپنا مقررہ وقت ختم ہونے پر برابر رہا۔ تاہم اضافی وقت میں لیونل میسی نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو تین دو کی برتری دلا دی۔ تاہم کیلین ایم باپے نے پینلٹی پر گول کر کے میسی الیون کی یہ برتری ختم کر دی۔ اس کے بعد میچ تین تین گولوں سے برابر رہنے کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ پر منتج ہوا۔ اس دوران فرانس کے دو کھلاڑی پینلٹی پر گول نہ کر سکے اور یوں ارجنٹائن نے یہ میچ دو کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔

FIFA Fußball WM 2022 in Katar | Finale Argentinien - Frankreich
فرانسیسی کھلاڑی کیلین ایم باپے کی طرف سے گولوں کی ہیٹ ٹرک بھی فرانس کو شکست سے نہ بچا سکیتصویر: Juan Luis Diaz/Agencia MexSport/IMAGO

قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں یہ فائنل میچ دیکھنے کے لیے تقریباﹰ نوے ہزار تماشائی موجود تھے، جن میں ارجنٹائن کے فینز تعداد میں زیادہ تھی۔ ارجنٹائن اس سے قبل 1978ء اور 1986ء میں عالمی چیمپئن رہ چکا ہے۔فرانس نے 2018ء کے فائنل میں کروشیا کو شکست دے کر یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

فیفا ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں فیفا کے صدر کے ساتھ ساتھ قطر کے امیر حماد الثانی اور فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں شریک ہوئے۔ اس تقریب میں فائنل میں ہیٹ ٹرک اور ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر آٹھ گول کرنے والے فرانسیسی کھلاڑی کیلین ایم باپے کو فیفا گولڈن بوٹ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ گول کیپر کے طور پر بہترین کارکردگی دکھانے پر ارجنٹائن کے ایمیلیانو مارٹینز کو گولڈن گلوو ایوارڈ ملا۔ لیونل میسی کو ان کی شاندار کارردگی پر گولڈن بال کے انعام کا حق دار ٹھہریا گیا۔

 مائیکل ڈسلوا (ع ا ⁄ ش ر)

بڑے برانڈز اشتہاری مہمات میں قطر کا نام کیوں نہیں لے رہے؟