1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آلودگی کے خلاف ’جنگ‘، پیرس کی آدھی گاڑیاں ’آف دا روڈ‘

عاطف توقیر17 مارچ 2014

پیرس میں پیر 17 مارچ کو پولیس نے آلودگی کے خلاف بڑے اقدامات کرتے ہوئے شہر کی ہر اس گاڑی کو سڑک پر آنے سے روک دیا ہے، جس کی نمبر پیلٹ جفت اعداد پر ختم ہوتی ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں میں اس طرح کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/1BQvH
تصویر: Thomas Samson/AFP/Getty Images

پیر کے روز فرانسیسی دارالحکومت میں تقریباﹰ سات سو پولیس اہلکاروں نے 60 چوکیاں قائم کی تھیں اور ان اہکاروں نے جفت اعداد پر ختم ہونے والی تمام نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں کو سڑکوں پر نکلنے سے روک دیا۔ پیرس میں صرف طاق اعداد پر ختم ہونے والی نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں کو سڑک استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے، تاکہ سڑکوں پر رش کم ہو اور فضائی آلودگی میں کمی آسکے۔

پیرس میں اسی مقصد کے لیے ویک اینڈ سے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر دی گئی تھی، تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے اور اپنی گاڑیوں کے استعمال سے اجتناب برتنے پر مائل کیا جا سکے اور آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ اسی صورتحال میں سرکاری ریلوے کمپنی SNCF نے خبردار کیا تھا کہ رش آوورز میں پبلک ٹرانسپورٹ نظام پر شدید دباؤ پڑنے اور گاڑیوں میں شدید بھیڑ ہو سکتی ہے۔

ایک پرمسرت ٹیکسی ڈرائیور نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’ظاہر ہے آج مسافر زیادہ ملیں گے۔‘

اس کا مزید کہنا تھا، ’بہت سے لوگ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال صرف اس لیے نہیں کرتے کیوں کہ وہ بھیڑ سے بچنا چاہتے ہیں۔ آج وہ ٹیکسی استعمال کریں گے۔‘

Paris Smog 14.03.2014
پیرس میں شدید دھند کے بعد ان اقدامات کا اعلان کیا گیاتصویر: Reuters

واضح رہے کہ ذاتی گاڑی استعمال کرنے پر یہ پابندی صبح ساڑھے پانچ بجے سے لاگو ہے۔ اس حوالے سے پابندی کو روزانہ کی بنیاد پر دیکھا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو منگل کے روز طاق نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں پر بھی سڑک استعمال کرنے کے حوالے سے پابندی نافذ کر دی جائے گی۔

پیرس سٹی ہال کی جانب سے اسی تناظر میں پیر کے روز جفت نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں کو مفت پارکنگ کی اجازت دی گئی ہے جب کہ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ کار پُولنگ اور کار شیئرنگ ویب سائٹس کے ذریعے اپنا سفر پلان بنائیں۔

تاہم ان تمام اعلانات کے باوجود کئی افراد تک یہ معلومات پہنچ نہ پائی یا کئی افراد نے اسے جانتے بوجھتے صرف نظر کر دیا۔ اسی وجہ سے پیرس بھر میں اس پابندی پر عمل درآمد کے لیے پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری کی مدد لی گئی۔

اس سلسلے میں پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ فوری طور پر ادا کرنے پر یہ جرمانہ 22 یورو اور تین روز میں ادا کرنے پر 35 یورو ہے۔

پولیس کے مطابق الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے اس پابندی کا اعلان اس وقت کیا گیا، جب پیرس میں مسلسل پانچ روز تک ہوا میں خطرناک ذرات کی موجودگی محفوظ سطح سے زیادہ دیکھی گئی۔

حکام کے مطابق گاڑیوں کے دھوئیں سے نکلنے والے خطرناک ذرات PM10 کی ہوا میں موجودگی 180 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر کی محفوظ حد سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ دھوئیں کے ساتھ ساتھ گرم دنوں اور ٹھنڈی راتوں کی وجہ سے پیرس اور اس کے نواح میں دھند چھائی ہوئی ہے اور ان اقدامات کے ذریعے اس پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔