1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا کی ایک اور جیت

23 جنوری 2011

ڈیوڈ ہسی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے تیسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ 215 رنز کے تعاقب میں انہوں نے اڑسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

https://p.dw.com/p/101Ge
تصویر: AP

سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں سڈنی میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں آسٹریلوی ٹیم کی کامیابی کی بدولت میزبان ٹیم نے اس سیریز میں تین صفر کی سبقت حاصل کر لی ہے۔

انگلش کپتان اینڈریو سٹراؤس نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا لیکن ایک مرتبہ پھر بلے باز جاندار کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ اگرچہ ون ڈاؤن بلے باز جوناتھن ٹروٹ نے چوراسی رنز کی انفرادی اننگز کھیلی تاہم دوسری طرف سے وکٹیں گرتی رہیں۔

انگلینڈ کی طرف سے دیگر نمایاں بلے بازوں میں رائٹ نے بتیس جبکہ مورگن نے تیس رنز بنائے۔ انگلش ٹیم مکمل پچاس اوورز نہ کھیل پائی اور اڑتالیس اوورز میں تمام ٹیم 214 کے مجموعی سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلوی بولروں نے اچھی لائن لنتھ اختیار کی، جس کی وجہ سے انگلش بلے باز سنبھل نہ پائے۔ بریٹ لی نے تین جبکہ ڈورتھی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

Cricket England Australien
آسٹریلیا کو سات میچوں کی سیریز میں تین صفر سے سبقت حاصل ہو گئی ہےتصویر: AP

جب آسٹریلیا نے ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر لڑکھڑا گیا۔ شین واٹسن نو، مارش چھ، کلارک نو جبکہ کیمرون وائٹ سات کے انفردی سکور پر پویلین لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔ اس دوران اوپنر ہیڈن نے کچھ مزاحمت ضرور دکھائی لیکن وہ بھی 54 کے سکور پر آؤٹ ہو گئے۔

اس ڈرامائی صورتحال میں تمام تر ذمہ داری مائیک ہسی کے بھائی ڈیوڈ ہسی کے کندھوں پر آن گری اور انہوں نے محتاط اور دلکش بلے بازی کی بدولت ٹیم کی لاج رکھی۔ انہوں نے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 89 گیندوں پر 68 رنز بنائے۔

اس دوران سٹیون سمتھ نے ہسی کا ساتھ دیا اور دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 68 رنز جوڑے۔ لیکن سمتھ چھبیس رنز بنا کر اس نازک وقت پر آؤٹ ہو گئے، جب آسٹریلیا کا سکور صرف 163 تھا۔ انگلش بولروں کی امید ایک مرتبہ پھر جاگی لیکن ہسی اور ہیسٹنگ نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 52 رنز بنا کر انگلینڈ کی تمام تر امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ آسٹریلیا نے 215 رنز کا ہدف چھالیس اوورز میں ہی عبور کر لیا۔

سات میچوں کی سیریز کے سلسلے میں چوتھا میچ چھبیس جنوری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس وقت آسٹریلیا کو تین صفر سے سبقت حاصل ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں