1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریا: مہاجرین یورپ  سے باہر رہ کر پناہ کی درخواست دیں

صائمہ حیدر
6 جنوری 2017

آسٹرین حکومت نے یورپ میں مہاجرت کے حوالے سے ایک ایسے منصوبے کا مسودہ تیار کیا ہے جس کے تحت مہاجرین کو صرف یورپی یونین سے باہر رہ کر ہی پناہ کے لیے درخواستیں دائر کرنے کی اجازت ہو گی۔

https://p.dw.com/p/2VOZn
Österreich Hans Peter Doskozil Verteidigungsminister
 ڈوسکو سل کے مطابق اِس منصوبے سے اُن ممکنہ تارکینِ وطن کو بھی فائدہ ہو گا جنہیں مدد کی ضرورت تھی لیکن وہ یورپ پہنچنے کے متحمل نہیں ہو سکے تھےتصویر: picture-alliance/epa/M. Kanizaj

خبر رساں ادارے روئٹرز نے جرمن اخبار ’ بلڈ‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ آسٹریا میں سوشل ڈیموکریٹ اور ملک کے وزیرِ دفاع  ہنس پیٹر ڈوسکوسِل نے ایسے مہاجرین کی قانونی مہاجرت کے لیے جو یورپی بلاک میں پناہ حاصل کرنے کے حقدار ہیں، ایک زیادہ منظم نظام بنانے کے لیے فوری تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اس اخبار نے آسٹرین وزیرِ دفاع ہنس پیٹر ڈوسکوسل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے، ’’ یہ منصوبہ مہاجرین کو پناہ دینے کے حوالے سے یورپی یونین کی ناکام پالیسیوں کے خاتمے کے بارے میں ہے۔ ہمیں ایمانداری سے کام لیتے ہوئے اِس حقیقت کو تسلیم کرنا ہو گا کہ  یورپی یونین کے پاس  مہاجرین کو پناہ دینے کی صلاحیت محدود ہے۔ ہمیں غیر قانونی مہاجرت کو روکنا ہو گا۔‘‘

 جرمن اخبار ’ بلڈ‘ کے مطابق آسٹرین وزیرِ دفاع کا مجوزہ منصوبہ جنگوں اور تنازعات کے علاقوں سے یورپی یونین کی جانب مہاجرت پر حد مقرر کرے گا۔ اِس طرح جرمنی جیسے ممالک کو جہاں مہاجرین کی ملک میں داخلے کی تعداد پر کوئی حد بندی قائم نہیں کی گئی ہے، موثر طور پر اس مسئلے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

ڈوسکو سل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ رواں ماہ فروری میں ’سینٹرل یونین ڈیفنس کو آپریشن‘ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ڈوسکوسل کے اس منصوبے میں نائجر، اردن اور ازبکستان جیسے ممالک میں پناہ کے لیے مہاجرین کے مراکز بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

UNICEF Mazedonien Flüchtlinge
آسٹریا میں 90 ہزار تارکین وطن نے سیاسی پناہ کی درخواست دی تھیتصویر: UNICEF/UN012725/Georgiev

 منصوبے کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ اِس ضمن میں ممکنہ طور پر اِن ممالک میں موجود اقوامِ متحدہ کے پناہ گزین ادارے کی موجودہ سہولیات کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جرمن اخبار ’بلڈ‘ نے یہ بھی لکھا ہے کہ ایسے تارکینِ وطن  کو جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں یا جو غیر قانونی طور پر یورپ آئے لیکن اپنے آبائی وطن واپس نہیں جا سکے، اُنہیں ایسے ’حفاظتی  زون‘ میں منتقل کیا جائے گا جو پناہ کے مراکز سے منسلک ہوں گے۔

 ڈوسکو سل نے اخبار کو یہ بھی بتایا کہ اِس منصوبے سے اُن ممکنہ تارکینِ وطن کو بھی فائدہ ہو گا جنہیں مدد کی ضرورت تھی لیکن وہ یورپ پہنچنے کے متحمل نہیں ہو سکے تھے۔ یاد رہے کہ آسٹریا میں 90 ہزار تارکین وطن نے سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی۔ ویانا حکومت نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ رواں برس کے دوران 37500 تارکین وطن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں قبول کی جائیں گی۔