1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آج یوم پاکستان منایا جا رہا ہے

23 مارچ 2023

آج تیئس مارچ کو پاکستان بھر میں پورے جوش و خروش کے ساتھ یوم پاکستان منایا جارہا ہے۔ تاہم خراب موسم کے سبب ایوان صدر میں ہونے والی یوم پاکستان پریڈ ملتوی کردی گئی، یہ اب 25 مارچ کو ہوگی۔

https://p.dw.com/p/4P6Mj
Pakistan Feierlichkeiten 70. Unabhängigkeitstag
تصویر: picture-alliance/abaca/S. Mazhar

آج 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بانیان پاکستان کو ان کی 'انتھک جدوجہد' کے لیے شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

 برصغیر کی آزادی کی تحریک کے دوران 23 مارچ 1940کو لاہور میں ایک اجلاس میں مولوی فضل الحق نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت پاکستان کے لیے قرارداد پیش کی تھی۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح  اور لاہور میں علامہ اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔

محمد علی جناح کیسا پاکستان چاہتے تھے، اسلامی یا سیکولر؟

کفایت شعاری پالیسی کے تحت اس مرتبہ پاک فوج کی پریڈ شکر پڑیاں کے بجائے ایوان صدر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن خراب موسم کے باعث پریڈ ملتوی کردی گئی۔ اب یہ پریڈ 25 مارچ کو ہوگی۔

صدر عارف علوی کا پیغام

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یومِ پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم قیادت نے ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا،’’یوم پاکستان بحیثیت قوم ہمیں کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے کی یاد دہانی کراتا ہے۔‘‘

یوم پاکستان کی مناسبت سے فوجی پریڈ، تعریف بھی جاری اور تنقید بھی

بانیان پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر پاکستان نے کہا کہ آزادی کے وقت "ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، چیلنجز کے باوجود ہم نے مسلسل محنت اور قابلیت سے ہر شعبے میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ ریاستی ادارے قائم کیے، اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، جوہری صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی اور کورونا پر قابو پایا۔"

وبا کے سائے تلے یوم پاکستان

 انہوں نے قانون کی حکمرانی یقینی بنانے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے، معاشرے میں عدم مساوات کم کرنے، خواتین کو با اختیار بنانے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے مزید کام کرنے پر زور دیا۔

کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح  اور لاہور میں علامہ اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئیں۔
کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح  اور لاہور میں علامہ اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئیںتصویر: picture-alliance/Zumapress/Masroor

وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ "پاکستان کا قیام یقیناً 20ویں صدی کا ایک معجزہ ہے، ہمارے پچھلے 75سالوں کے سفر نے ہمیں جنگوں سے نبردآزما ہوتے اور قدرتی آفات سمیت بہت سے بحرانوں سے لڑتے دیکھا ہے، کئی مواقع ایسے آئے ہیں جب ہم نے مشکلات پر قابو پالیا اور کئی سنگ میل حاصل کیے، عالمی برادری کے رکن کی حیثیت سے پاکستان نے انسانیت کو درپیش مسائل کے حل اور عالمی امن کے قیام میں ایک ذمہ دار قوم کا کردار ادا کیا ہے۔"

اقبال کا شاہین پرواز نہ کر سکا

انہوں نے کہا، "مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کا مقدر عظیم کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرنا ہے، تاہم اس کے حقیقت بننے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، اپنے آپ کو قومی مقصد سے آراستہ کرنا ہوگا اور اپنے اسلاف کی میراث کے مطابق جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔"

ج ا/ ص ز (نیوز ایجنسیاں)