1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

IPL پوائنٹس ٹیبل پر ممبئی انڈینز کا راج

29 مارچ 2010

کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی مقبول ترین لیگ ’آئی پی ایل‘ میں اس وقت سچن تندولکر کی قیادت میں ممبئی انڈینز پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آگے ہیں۔ لیگ میں کنگس الیون پنجاب اور چنئی سُپر کنگس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/MgvD
ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکرتصویر: AP

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ممبئی انڈینز کی ٹیم دس پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ رائل چیلنجرز بنگلور اور راجستھان رائلز کی ٹیمیں آٹھ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر ہیں۔ کمار سنگا کارا کی قیادت میں کنگس الیون پنجاب نے اب تک اپنے چھ میچوں میں صرف ایک میں ہی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کے محض دو پوائنٹس ہیں۔

کنگس الیون پنجاب کی طرح چنئی سُپر کنگس بھی اس سیزن میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ مہیندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں اس ٹیم نے سات میچوں میں اب تک صرف دو میں جیت حاصل کی ہے۔ اس کے پاس چار پوائنٹس ہیں۔

Shah Rukh Khan Kolkata Knight Riders
نائٹ رائڈرز کے کپتان سورو گنگولی، مالک شاہ رخ خان اور بولنگ کوچ وسیم اکرم ایک ساتھتصویر: UNI

پچھلے دو سیزنز میں ’آئی پی ایل‘ کی کمزور ترین ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز نے اس مرتبہ اچھی کارکردگی دکھانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ سورو گنگولی کی قیادت میں اس ٹیم نے رواں سیزن میں اب تک تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ تین میں اسے شکست ہوئی۔ اس کے چھ پوائنٹس ہیں۔ اس ایڈیشن میں پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کپتان اور سوئنگ بولنگ کے ’سلطان‘ وسیم اکرم نائٹ رائڈرز ٹیم کے بولنگ کوچ ہیں۔

IPL میں اب تک کُل پچیس میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ آج پیر کے روز دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر دہلی ڈیئر ڈیویلز اور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے درمیان ایک اہم میچ کھیلا جا رہا ہے۔

پہلے دو ایڈیشنز کی طرح انڈین پریمیئر لیگ کے اس تیسرے ایڈیشن میں بھی آٹھ ہی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چنئی سُپر کنگس، دکن چارجرز، دہلی ڈیئر ڈیویلز، کنگس الیون پنجاب، کولکتہ نائٹ رائڈرز، ممبئی انڈینز، راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیمیں اس بار بھی چیمپیئن بننے کے لئے سر توڑ کوششیں کر رہی ہیں۔

Indian Premier League Cricket
رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان انیل کمبلےتصویر: AP

تاہم انڈین پریمیئر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں آٹھ کے بجائے دس ٹیمیں حصہ لیں گی۔ موجودہ آٹھ ٹیموں کے علاوہ اب پونے اور کوچی کی ٹیمیں بھی انڈین پریمیئر لیگ میں شریک ہوں گی۔

’آئی پی ایل‘ کے پہلے سیزن میں چیمپیئن شپ، شین وارن کی قیادت میں راجسھتان رائلز نے جیتی تھی جبکہ دوسرے سیزن میں دکن چارجرز نے ایڈم گلکرسٹ کی کپتانی میں ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔ لیگ کا پہلا سیزن بھارت میں ہی کھیلا گیا تھا تاہم سیکیورٹی وجوہات کے باعث اس کے دوسرے ایڈیشن کا اہتمام جنوبی افریقہ میں کیا گیا تھا۔

دوسرے سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی انڈین پریمیئر لیگ میں پاکستان کا ایک بھی کھلاڑی شریک نہیں ہے۔ ممبئی حملوں کے بعد پاکستانی حکام نے اپنے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ’آئی پی ایل‘ کے دوسرے ایڈیشن میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ اس بار لیگ کی آکشن میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی فروخت نہیں ہوا۔

انڈین پریمیئر لیگ کے تیسرے سیزن میں کئی نئے بین الاقوامی کرکٹرز کھیل رہے ہیں، جن میں ویسٹ انڈیز کے آل راوٴنڈر کیرن پولارڈ اور انگلش بیٹسمین اوئن مارگن قابل ذکر ہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/ خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید