1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

BBC کی پانچ زبانوں میں نشریات بحران کی نذر

27 جنوری 2011

برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی عالمی سروس نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی پانچ زبانوں میں نشریات بند کردے گی۔ بچتی مقاصد کے تحت کیے گئے اس فیصلے سے 650 ملازمتیں ختم ہوجائیں گی۔

https://p.dw.com/p/Qvoy
تصویر: AP

بی بی سی کے اعلان کے مطابق جن پانچ زبانوں میں سروس بند کی جارہی ہے ان میں البانوی، میسوڈونین، افریقہ کے لیے پرتگالی اور سربیائی زبان کی سروسز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کیریبیئن کے لیے علاقائی انگریزی سروس بھی بند کردی جائے گی۔

بی بی سی کے بچتی پروگرام کے تحت سات زبانوں میں ریڈیو پروگرامز بھی بند کردیے جائیں گے، جن میں ماندرین چینی اور ویتنامی زبان کے پروگرام شامل ہیں۔ تاہم ان زبانوں کے لیے ملٹی میڈیا کوریج بدستور جاری رہے گی۔

بی بی سی کی ویب سائٹ پر بغیر کسی حوالے کے فراہم کی جانے والی معلومات کے مطابق مجموعی طور پر کارپوریشن کی 2400 ملازمتوں میں سے 650 ختم ہوجائیں گی، جس سے سالانہ 46 ملین پاؤنڈز کی بچت ہوگی۔

Symbolbild Internationale Medien Karte Logos BBC Deutsche Welle France 24 AlJazeera
حالیہ عالمی مالی بحران کے نتیجے میں ذرائع ابلاغ کے بین الاقوامی ادارے بھی متاثر ہوئے ہیںتصویر: DW

برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے نیوز ڈائریکٹر پیٹر ہاروکس کے بقول،’ یہ بی بی سی ورلڈ سروس اور دنیا بھر کے 180 ملین ایسے لوگوں کے لیے ایک تکلیف دہ دن ہے، جو ہر ہفتے بی بی سی کی عالمی نیوز سروس پر اعتماد کرتے ہیں۔‘

ہاروکس کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ حکومت کے بچتی اقدامات کی وجہ سے ورلڈ سروس کو اپنے اخراجات میں 16 فیصد تک کمی لانا ہے اور یہ اتنی بڑی رقم ہے، جو محض کارکردگی بہتر کرنے سے پوری نہیں ہوسکتی۔

بی بی سی کے بارے میں نئی معاشی پالیسی کے تحت کارپوریشن کو اپنی ورلڈ سروس کے لیے خود ہی رقم کا بندوبست کرنا ہے۔ پہلے یہ رقم برطانوی وزارت خارجہ فراہم کرتی تھی۔

بی بی سی کے مطابق ان زبانوں میں جن کی سروس بند کی گئی ہے اب آن لائن، موبائل اور ٹیلی وژن کے ذریعے فراہم کی جانے والی معلومات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: عاطف بلوچ