1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

45 ممالک کوئلے، گیس اور تیل سے مکمل چھٹکارا چاہتے ہیں

18 نومبر 2016

مراکش میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کے اختتام پر ایک اہم ترین اور حیران کن فیصلہ یہ سامنے آیا ہے کہ دنیا کے پینتالیس ممالک اپنی توانائی کی تمام تر ضروریات قابل تجدید توانائی سے پوری کرنا چاہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2St4M
Marokko COP22 Konferenz in Marrakesh
تصویر: DW/L. Osborne

دنیا کے تینتالیس ممالک ماحول دوست تنظیموں اور اداروں کے ساتھ مل کر ایک عرصے سے بین الاقوامی برادری کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کوئلے، تیل اور قدرتی گیس سے مکمل طور پر چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ ان ممالک اور تنظیموں کے اتحاد کو ’سی وی ایف‘ کہا جاتا ہے۔ اب مراکش میں ہونے والے بین الاقوامی ماحولیاتی کانفرنس کے اختتام پر جمعے کے روز ان ممالک نے حیران کن اعلان کیا ہے۔

جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق یہ ممالک جتنی جلدی ممکن ہوا قدرتی گیس، کوئلے اور تیل کا استعمال ترک کر دیں گے۔ یہ ملک اپنی تمام تر توانائی کی ضروریات قابل تجدید ذرائع سے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ممالک سن 2020 تک ہر صورت اپنے اہداف کو حتمی شکل دے دیں گے۔ ان اقدامات کا مقصد عالمی درجہٴ حرارت کو 1.5 گریڈ سے کم کرنا ہے۔

جن ممالک نے یہ اعلان کیا ہے، ان میں زیادہ تر افریقہ اور ایشیاء کے وہ غریب ممالک شامل ہیں، جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

Marokko COP22 Konferenz in Marrakesh
ان اقدامات کا مقصد عالمی درجہٴ حرارت کو 1.5 گریڈ سے کم کرنا ہے۔تصویر: DW/L. Osborne

اس اعلان کے حوالے سے جرمنی کی ایک غیر سرکاری تنظیم اور ماحولیاتی امور کی ماہر زابینے مینینگر کا تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ یہ ایک ایسا اعلان ہے، جس کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ناممکن نظر آتا ہے۔‘‘

دوسری جانب ماحولیاتی تنظیم کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک نے اس اعلان کو ’’ایک انتہائی طاقتور پیغام‘‘ قرار دیا ہے۔ اس تنظیم نے اس اعلان کو ’’توانائی کے انقلاب کا نقطہء آغاز‘‘ قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ہونے والےعلامیے میں اسے ایک حیران کن پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ 45 ممالک میں ’توانائی کے اس انقلاب‘ کو انجام تک پہنچانے میں صنعتی ممالک ان کی مدد کریں گے۔ عالمی ماحولیاتی معاہدے کے تحت ترقیاتی امداد کے صورت میں ایک سو ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

مراکش میں جرمن حکومت کی طرف سے غریب ممالک کو مزید پچاس ملین ڈالر کی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم برلن حکومت سن 2020 سے سالانہ چار ارب ڈالر فراہم کرے گی۔

دوسری جانب یہ بھی خوف پایا جاتا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جاری جنگ میں امریکا مستقبل میں کیا کردار ادا کرے گا۔ امریکا مالیاتی امداد فراہم کرنے والا ایک اہم ملک ہے اور نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ وہ اس حوالے سے کون سی پالیسی اپنائیں گے۔