1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

35 ڈالر میں لیپ ٹاپ

24 جولائی 2010

بھارت میں کچھ عرصہ قبل سوا دو سو ڈالر کا مکمل کمپیوٹر عام کیا گیا تھا لیکن اب تو اس سے بھی کہیں کم قیمت والا کمپیوٹر یعنی صرف 35 ڈالر میں مارکیٹ کرنے کی مکمل پلاننگ ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/OTSi
بھارت میں جلد کم قیمت کمپیوٹر دستیاب ہوں گےتصویر: dpa zb

بعض ماہرین کا خیال ہے کہ بھارت میں صنعتی اور اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ جس تیزی سے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں وہ ایک بڑے اطلاعاتی انقلاب کا پیش خیمہ ہو سکتی ہیں۔ بھارت کی مشہور کار ساز کمپنی ٹاٹا کی جانب سے صرف 35 ڈالر کا کمپیوٹر تیار کیا گیا ہے۔ اس کمپیوٹر کی نقاب کشائی بھارتی حکومت کی جانب سے کردی گئی ہے۔ انتہائی سستے کمپیوٹر کو تیار کرنے پر ٹاٹا کو عالمی سطح پر بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

ٹاٹا کی جانب سے تیار کئے جانے والے کمپیوٹر کے بعد عام تاثر یہ پیدا ہوا ہے کہ اب بھارت میں بہت جلد کروڑوں افراد ایک کمپیوٹر کے مالک بن سکیں گے۔ بنیادی طور پر یہ کمپیوٹر طلبہ کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس کی خوردہ قیمت ایک موبائل ٹیلیفون کے برابر ہے۔ ٹاٹا اس سے پہلے دنیا کی سب سے سستی کار بھی متعارف کروا چکا ہے۔

بھارت کے ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ کے وزیر کپل سیبل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ ایک حقیقت ہے اور بھارتی عوام کی ترقی میں ایک بڑا قدم بھی۔ اس کمپیوٹر کی بھارتی منڈی میں قیمت مقامی کرنسی کے مطابق پندرہ سو روپے ہو گی۔ ٹچ سکرین والا یہ کمپیوٹر اگلے سال یعنی سن 2011 میں مارکیٹ کردیا جائے گا۔

Frauen online
اگلے سالوں میں بھاری کمپیوٹر کا استعمال ختم ہو جائے گا۔تصویر: AP

ٹاٹا کی جانب سے پیش کیا جانے والا سستا کمپیوٹر بھارتی ماہرین اور محققین کی محنت کا نتیجہ ہے۔ اس کمپیوٹر کی تکمیل میں شریک ماہرین اور محققین کا تعلق بھارت کے شہرہ آفاق ادارے انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (IIT) سے ہے۔ اس سلسلے میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے مختلف کیمپسوں میں ریسرچ ورک مکمل کیا گیا ہے۔ یہ کیمپسز ممبئی، کانپور، چنئی اور کھراگ پور میں واقع ہیں۔ بنگلور میں قائم بھارتی ٹیکنیکل ریسرچ کا معتبر ادارہ بھی اس کاوش میں معاونت کر رہا تھا۔

بھارتی حکومت کا منصوبہ ہے کہ اگلے سال پہلے مرحلے میں تقریباً دس لاکھ سستے کمپیوٹر بھارت کی اہم یونیورسٹیوں کے طلبا کو فراہم کردیئے جائیں۔ اس مرحلے کے بعد کالجوں اور سیکنڈری و پرائمری طلبا کے لئے بھی یہ کمپیوٹر فراہم کیے جائیں گے۔ یہ امر دلچسپ ہے کہ لاطینی امریکہ کے ملک یوراگوئے میں گزشتہ ماہ ہائی سکول کے تمام طلبہ میں نوے ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں