1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

23 مارچ کو پارٹی کے نام کا اعلان کریں گے، مصطفیٰ کمال

بینش جاوید14 مارچ 2016

متحدہ قومی موومنٹ ’ایم کیو ایم‘ کے سابق رہنما رضا ہارون نے مصطفیٰ کمال کی نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پریس کانفرنس میں مصطفٰی کمال اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

https://p.dw.com/p/1ICpT
Politiker Mustafa Kamal und Raza Haroon
مصطفیٰ کمال 23 مارچ کو اپنی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کریں گےتصویر: Screenshot DW Urdu

سابق صوبائی وزیر رضا ہارون نے ایم کیو ایم پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا، ’’رات کو ’را‘ سے مدد مانگنے کے بعد صبح معافی مانگی جاتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی جانب سے بھارتی خفیہ ایجنسی، را، نیٹو اور اقوام متحدہ سے کہا جا تا رہا ہے کہ پاکستان آ جاؤ لیکن وہ خود پاکستان کیوں نہیں آتے۔

رضا ہارون نے کہا کہ ایم کیو ایم پڑھے لکھے، با صلاحیت اور ہنر مند افراد کی جماعت تھی۔ یہ جماعت ایم کیو ایم کے قائد کی پوجا کے لیے نہیں بنائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’ صرف غرور، سرور اور انا باقی رہ گئی ہے۔‘‘

ایم کیو ایم پر را کے ساتھ روابط کا الزام لگاتے ہوئے رضا ہارون نے کہا، ’’ ایم کیو ایم کی جانب سے سرفراز مرچنٹ سے متعلق دستاویزات کی کوئی تردید سامنے نہیں آئی اور نہ ہی الطاف حسین برطانوی نشریاتی ادارے کی دستاویزی رپورٹ کے خلاف عدالت میں گئے۔‘‘ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ برطانیہ میں طارق میر، محمد انور کی گرفتاری پر ایم کیو ایم نے ڈیوڈ کیمرون کی رہائش گاہ پرمظاہرہ کیوں نہیں کیا؟

Politiker Raza Haroon
ایم کیو ایم کے سابق رہنما مصطفیٰ کمال کی سیاسی جماعت میں شامل ہوگئے ہیںتصویر: Screenshot DW Urdu

رضا ہارون نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف میڈیا پر پابندی سے خود ایم کیو ایم کے رہنما خوش ہیں، پاکستان کی ہر اسمبلی سے ان کے خلاف قرارداد پاس ہو چکی ہے۔ ایم کیو ایم پر لگائے جانے والے الزامات کے بارے میں رضا ہارون نے کہا کہ الزامات ثابت کرنا اداروں کا کام ہے۔ الطاف حسین پر شراب نوشی کا الزام لگاتے ہوئے رضا ہارون نے کہا کہ وہ پہلے صرف شب میں شراب نوشی کرتے تھے لیکن اب 24 گھنٹے یہ معاملہ چلتا ہے۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ اپنی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان 23 مارچ کو کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا، ’’فاروق ستار کی جتنی تعریفیں ہم کررہے ہیں وہ خود انہیں ہمارے پاس چھوڑ جائیں گے۔‘‘

فاروق ستار نے رضا ہارون کی مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے کہا تھا کہ سمندر میں سے ایک دو بالٹی پانی نکال دینے سے سمندر کو فرق نہیں پڑتا۔

ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے اس پریس کانفرنس کے ردعمل میں ٹوئٹ کی جس میں لکھا، آج بھی پیر کا منجن جاری ہے۔ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا، ’’پھر وہی اسکریپٹ، وہی پرانی باتیں، عوام کے وقت کا ضیاع۔‘‘

Pakistan MQM Party Leader Mustafa kamal giving press Conference.
مصطفیٰ کمال نے چندروز قبل ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھاتصویر: DW/R. Saeed

دوسری جانب پاکستانی میڈیا کے مطابق ایف آئی اے کے ڈائریکٹر انعام غنی نے سرفراز مرچنٹ سے رابطہ کیا ہے۔ سرفراز مرچنٹ نے کہا ہے کہ وہ حکومت پاکستان کوقائد ایم کیو ایم ،طارق میرسے متعلق اسکاٹ لینڈ یارڈ کی معلومات دیں گے۔ لندن میں مقیم سرفراز مرچنٹ یہ کہہ چکے ہیں کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے جو دستاویزات انہیں دی تھیں ان میں محمد انور، طارق میر اور الطاف حسین نے ’را‘ سے پیسے لینے کا اعتراف کیا ہے۔ جن بھارتی کمپنیوں کے ذریعے لندن کے بینک میں پیسے آتے تھے ان کی تفصیل بھی ان کے پاس ہے۔