1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولون پرائڈ پریڈ میں لاکھوں افراد کی شرکت

21 جولائی 2024

جرمن شہر کولون میں آج اتوار اکیس جولائی کے روز ہم جنس پسند افراد اور ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کی بہت بڑی پرائڈ پریڈ منعقد ہو رہی ہے، جس میں اندرون ملک اور بیرون ملک سے ایک ملین تک افراد کی شرکت متوقع ہے۔

https://p.dw.com/p/4iYDO
کولون پرائڈ پریڈ میں ہر سال لاکھوں انسان شرکت کرتے ہیں
کولون پرائڈ پریڈ میں ہر سال لاکھوں انسان شرکت کرتے ہیںتصویر: Christoph Hardt/Geisler-Fotopress/picture alliance

اس پریڈ میں سرگرمی کے ساتھ شرکت کے لیے ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کے تقریباﹰ 250 گروپ اور تنظیمیں کافی عرصے سے تیاریاں کر رہے تھے، جن کے اس پرائڈ پریڈ میں حصہ لینے والے ارکان کی تعداد کم از کم بھی 60 ہزار تک رہے گی۔ وہ مختلف موضوعات کا احاطہ کرنے والے اور رنگا رنگ انداز میں سجائے گئے تقریباﹰ 90 فلوٹس کے ساتھ اس اجتماع میں شامل ہوں گے۔

قوانین میں سختی، ہم جنس پسندوں کی منزل یورپ

اس پریڈ کے شرکاء جلوس کی شکل میں بون کے قریبی شہر کولون کے مختلف حصوں سے گزریں گے۔ کولون پولیس کے مطابق اس نے اس موقع پر شرکاء کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے ہزاروں اہلکار شہر کے مختلف حصوں میں تعینات کر دیے ہیں۔

کولون پرائڈ میں شریک ایک خاتون ایک پلے کارڈ کے ساتھ جس پر لکھا ہے کہ ٹرانس حقوق بھی انسانی حقوق ہیں
کولون پرائڈ میں شریک ایک خاتون ایک پلے کارڈ کے ساتھ جس پر لکھا ہے کہ ٹرانس حقوق بھی انسانی حقوق ہیںتصویر: Guido Schiefer/IMAGO

امسالہ کولون پرائڈ کا موضوع

منتظمین کے مطابق کولون میں امسالہ پرائڈ پریڈ میں نہ صرف شرکاء اپنی برادری کا جشن منائیں گے بلکہ ساتھ ہی وہ ہم جنس پسند افراد، ٹرانس جینڈر اور انٹرسیکس کمیونٹی کو درپیش سماجی مسائل اور مشکلات کا احاطہ کرتے ہوئے حاضرین اور ناظرین کی توجہ بھی اس طرف مبذول کروائیں گے۔

یونان میں ہم جنس پسند جوڑوں کو شادی کی اجازت

اس سال اس پریڈ کا عنوان ''انسانی حقوق کے لیے، بہت بڑی تعداد میں، مل کر، مضبوط‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس پریڈ میں اظہار یکجہتی کے لیے لاکھوں کی تعداد میں ایسے افراد بھی حصہ لیتے ہیں جو خود ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کے رکن نہیں ہوتے۔

یہ پریڈ کولون شہر کے وسطی حصے میں کولون ڈوئٹس نامی علاقے میں دریائے رائن پر بنے پل سے شروع ہو گی۔ پریڈ کے آغاز سے پہلے وفاقی جرمن پارلیمان کی اسپیکر بَیربل باس، وفاقی وزیر صحت کارل لاؤٹرباخ اور وفاقی وزیر مملکت برائے ثقافتی امور کلاؤڈیا رَوتھ بھی شرکاء سے خطاب کریں گے۔

نیپال میں ہم جنس پسند افراد کی شادی کی قانونی منظوری

Köln | ColognePride – Parade zum Christopher Street Day 2023
گزشتہ برس کی کولون پرائڈ پریڈ کے موقع پر لی گئی چند شرکاء کی تصاویرتصویر: JANA RODENBUSCH/REUTERS
Köln | ColognePride – Parade zum Christopher Street Day 2023
تصویر: JANA RODENBUSCH/REUTERS

پرائڈ پریڈ کا تاریخی پس منظر

ہم جنس پسند افراد اور ان کی مجموعی طور پر ایل جی بی ٹی کیو آئی کہلانے والی کمیونٹی کی طرف سے دنیا کے مختلف ممالک میں ہر سال بہت بڑے بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

ہم جنس نوبیاہتا جوڑے ’خیروبرکت‘ کی دعا لے سکتے ہیں، ویٹی کن

عرف عام میں پرائڈ پریڈ کہلانے والے ان اجتماعات کا ایک مقصد 1969ء میں نیو یارک میں رونما ہونے والے ان واقعات کی یاد تازہ کرنا بھی ہوتا ہے، جب پولیس نے شہر کی کرسٹوفر سٹریٹ پر واقع اسٹون وال اِن نامی پب پر چھاپہ مارا تھا اور جس کے بعد ہم جنس پسند مردوں، خواتین اور ٹرانس جینڈر افراد کے کئی روزہ احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔

اسی مناسبت سے دنیا بھر کے ہم جنس پسند اور ٹرانس جینڈر افراد ہر سال کرسٹوفر سٹریٹ ڈے بھی مناتے ہیں۔

دنیا بھر میں "ہم جنس پسند والدین" کے حقوق

پرائڈ پریڈ میں ہر طرف ایل جی بی ٹی کیو آئی کمیونٹی کے قوس قزح کے رنگوں والے پرچم بھی دیکھنے میں آتے ہیں
پرائڈ پریڈ میں ہر طرف ایل جی بی ٹی کیو آئی کمیونٹی کے قوس قزح کے رنگوں والے پرچم بھی دیکھنے میں آتے ہیںتصویر: picture-alliance/Geisler-Fotopress/C. Hardt

کولون پرائڈ نامی اجتماع پورے یورپ میں لیزبیئن، گے، بائی سیکشوئل، ٹرانس، انٹرسیکس اور کُوئر افراد کے سب سے بڑے سالانہ اجتماعات میں سے ایک ہے۔

یورپ میں ہم جنس پسندوں کے حقوق، پولینڈ سب سے پیچھے

جرمنی میں ایسا ہی ایک اور بہت بڑا سالانہ اجتماع برلن میں منعقد کیا جاتا ہے، جو برلن پرائڈ کہلاتا ہے اور اپنے حجم میں کولون پرائڈ کے تقریباﹰ برابر ہی ہوتا ہے۔

م م / ع آ (ڈی پی اے، اے ایف پی)