نیدر لینڈ میں دوسری عالمی جنگ کے بعد نافذ ہونے والے پہلے ملک گیر کرفیو کے بعد دارالحکومت سمیت متعدد شہروں میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔ منگل کے روز بھی مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے واقعات پیش آئے۔ حکومت نے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے رات کے کرفیو سمیت کئی نئی بندشوں کا اعلان کیا تھا۔
ڈچ نیوز کے مطابق فسادات پر قابو پانے والی پولیس اور مظاہرین کے گروپوں کے درمیان ایمسٹرڈم اور ساحلی شہر راٹرڈم، مشرقی شہر آمرز فورٹ اور جنوبی شہر گلین سے جھڑپوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ پولیس نے ڈیڑھ سو سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔
قومی نشریاتی ادارے این او ایس نے خبر دی ہے کہ راٹرڈم میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے پانی کی تیز بوچھاروں کا استعمال کیا۔
شہر کے میئر احمد ابو طالب نے ہنگامی حکم نامہ جاری کردیا جس کے بعد پولیس کو فساد بھڑکانے والوں کو گرفتار کرنے کے اختیارات مل گئے ہیں۔ راٹرڈم کی شہری کونسل نے ایک ٹوئٹ کرکے کہا ”فسادات پر قابو پانے والی پولیس نے چارج سنبھال لیا ہے اور گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔‘‘ کونسل نے مزید لکھا ”تمام لوگوں سے ضروری درخواست کی جاتی ہے کہ وہ یہ علاقہ چھوڑ دیں۔"
پولیس کے مطابق ”گذشتہ 40 سال میں یہ بد ترین فسادات ہیں۔"
چالیس برسوں میں بدترین فساد
حکومت نے اتوار کے روز کورونا پر قابو پانے کی کوشش کے تحت رات کے کرفیو اور بعض نئی بندشوں کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے ہی ملک کے متعدد شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرین دکانوں میں لوٹ مار کر رہے ہیں اور ایک صحافی کا پیچھا کرتے ہوئے ان پر پتھر پھینکے جارہے ہیں۔ مظاہرین نے پہلی رات ایک کورونا ٹیسٹنگ سینٹر کو بھی نذر آتش کردیا۔ کل دوسری رات بھی پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری رہا۔
وزیر اعظم مارک روٹے نے ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں 'مجرمانہ تشدد‘ قرار دیا جبکہ پولیس کے مطابق ”گذشتہ 40 سال میں یہ بد ترین فسادات ہیں۔"
وزیر اعظم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ”یہ ناقابل قبول ہے۔ تمام افراد اس کو خوف ناک واقعے کے طور پر یاد رکھیں گے۔ یہ مظاہرے نہیں بلکہ مجرمانہ تشدد ہے اور اس کو اسی انداز میں لیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے انشیڈے کے علاقے میں ہسپتال پر پتھر پھینکنے والے 'بے وقوفوں‘ کی بھی مذمت کی۔
ڈچ میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک طرف جہاں ملک کورونا وائرس کی نئی قسم، کووڈ سے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کی جد وجہد کررہا ہے وہیں سوشل میڈیا پر مزید پرتشدد مظاہروں کی اپیلیں کی جارہی ہیں۔
نیدر لینڈ میں کووڈ سے ساڑھے نو لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ اب تک 13600 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ کرفیو
نیدرلینڈ میں دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کی اس تنبیہ کے بعد کہ ملک میں کورونا انفیکشن کی نئی لہر کا خطرہ ہے اور کورونا کی نئی قسم زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے، ملک میں کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
حکومت نے کئی نئی بندشوں اور ضابطوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ رات نو بجے سے صبح ساڑھے چار بجے تک نافذ کرفیو کم از کم دس فروری تک جاری رہے گا۔ اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر ایک سو پندرہ ڈالر تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ حالانکہ بعض معاملات میں رعایت بھی دی گئی ہے تاہم اس کے لیے حکام سے اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
رابرٹ پیٹینسن
چونتیس سالہ اداکار رابرٹ پیٹینسن نے فلم ’ٹوائلائٹ‘ میں ایک ایسے خونخوار مردے کا کردار ادا کیا تھا، جو رات کو باہر نکلتا تھا۔ وہ ’بیٹمین‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ فلم بیٹمین میں پہلے بین ایفلیک کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
ڈوائن جانسن: دا راک
امریکا کے مشہور ریسلر یا پہلوان ’دا راک‘ کا اصلی نام ڈوائن جانسن ہے۔ وہ ہالی وُوڈ کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہیں۔ ان کو بیوی اور دو بیٹیوں سمیت کورونا وائرس نے گرفت میں لے لیا تھا۔ اب سبھی اس بیماری کے چنگل سے نکل آئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو تلقین کی ہے کہ ماسک پہن کر رہیں کیونکہ اسی میں بہتری ہے۔
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
فٹ بالر نیمار
مشہور و معروف برازیلی فٹ بالر نیمار، فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ کلب کے تین کھلاڑیوں کے دو ستمبر سن 2020 کو کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ کلب کے کھلاڑیوں میں اس بیماری کی وبا پھوٹنے کو ٹیم کے ہسپانوی تفریحی جزیرے ابیٹسا کے دورے کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ نیمار کے ساتھ ان کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
سلویو برلسکونی
تراسی سالہ اطالوی سیاستدان اور سابق وزیر اعظم سلویو برلسکونی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس کا اعلان ان کی سیاسی جماعت نے دو ستمبر سن 2020 کو کیا۔ ان کے دو بیٹے اور تیس سالہ خاتون دوست کے بھی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ وہ سارڈینا کی ساحلی پٹی پر چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے تھے۔
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
یُوسین بولٹ
تیز رفتار دوڑنے کے مقابلے میں لیجنڈ کا درجہ رکھنے والے یوسین بولٹ بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ ان کا وائرس ٹیسٹ ان کی چونتیسویں سالگرہ کی آؤٹ ڈور پارٹی کے بعد سامنے آیا۔ اس پارٹی میں مہمانوں نے ماسک نہیں پہن رکھے تھے۔ وہ ایک سو میٹر اور دو سو میٹر کی دوڑ میں ریکارڈ رکھتے ہیں۔
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
انٹونیو بینڈراس
ہسپانوی اداکار انٹونیو بینڈراس کو اپنی ساٹھویں سالگرہ پر حیران کن انداز میں کورونا وائرس کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ انہیں اپنی سالگرہ کا دن آئسولیشن یا قرنطینہ میں گزارنا پڑا۔ رواں برس کے مہینے اگست کے وسط میں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اب وہ صحتیاب ہو چکے ہیں۔
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
امیتابھ بچن اور خاندان
بھارت فلمی صنعت بالی وُوڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور ان کا تقریباً سارا خاندان ہی جولائی میں کورونا وائرس کی گرفت میں آ گیا تھا۔ ان کے بیٹے ابھیشیک بچن، اداکارہ بہو اور سابقہ مس ورلڈ ایشوریا رائے کے ساتھ پوتی آرادیا کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر، ان کو ہسپتال داخل کر دیا گیا تھا۔ اب سبھی رُو بہ صحت ہو چکے ہیں۔ ان کی بیوی جیا بچن کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
جائیر بولسونارو
برازیل کے صدر جائیر بولسونارو کورونا وائرس کی وبا کو محض نزلہ زکام قرار دیتے رہے ہیں اور پھر جولائی سن 2020 میں ان کو کورونا وائرس نے آن دبوچا۔ انہیں کورونا وبا اور دیگر احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے پر ملک اور بیرون ملک شدید تنقید کا سامنا رہا۔ ان کے بیٹے اور بیوی کے بھی ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
ٹام ہینکس
امریکی فلمی صنعت ہالی وُوڈ کے مشہور اداکار ٹام ہینکس اور ان کی گلوکارہ و اداکارہ بیوی ریٹا ولسن کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکے ہیں۔ وہ اس وبا کی لپیٹ میں آنے والی ابتدائی مشہور شخصیات میں سے تھے۔ ہینکس اور ان کی بیوی کو آسٹریلیا کے دورے کے دوران وائرس نے جکڑ لیا تھا۔ اب وہ صحت یاب ہو کر واپس امریکا لوٹ چکے ہیں۔
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
صوفی گریگوئر ٹروڈو
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو کا ٹیسٹ برطانوی دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر مثبت آیا تھا۔ بیوی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کینیڈین وزیر اعظم نے خود کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ کر لیا تھا۔
-
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
بورس جانسن
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھی رواں برس مارچ میں کورونا کی گرفت میں آ گئے تھے۔ ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ہنگامی طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ وہ ایک ہفتہ ہسپتال میں داخل رہے تھے۔ ہسپتال میں انہیں آکسیجن فراہم کی گئی اور معالجین مسلسل ان کی علالت پر نگاہ رکھے ہوئے تھے۔
مصنف: عابد حسین