کروشیا کا پلیٹ ویٹسا لیکس پارک قدرت کا شاہکار
پلیٹ ویٹسا لیکس جمہوریہ کروشیا کا سب سے قدیم اور بڑا نیشنل پارک ہے۔ سیاحوں کی بڑی تعداد ہر سال یہاں کا رخ کرتی ہے۔ اس دلکش پارک کے بارے میں ہم مزید جانتے ہیں اس پکچر گیلری میں۔
کروشیا کا قدیم ترین پارک
پلیٹ ویٹسا لیکس جمہوریہ کروشیا کا سب سے قدیم اور بڑا نیشنل پارک ہے، جو ایک پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔اس پارک کی قدرتی خوبصورتی نے ہمیشہ ہی فطرت سے محبت کرنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔
عالمی ثقافتی ورثہ
آٹھ اپریل 1949ء کو اس پارک کو کروشیا کا پہلا نیشنل پارک قرار دیا گیا تھا۔ اس کے بعد 26 اکتوبر 1979ء کو اس کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔
جھیل کے دلکش نظارے
سن 1997 میں اس کی حدود میں توسیع کی گئی تھی اور آج یہ نیشنل پارک تقریبا 300 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اس پارک میں 16 سے زائد چھوٹی اور بڑی جھیلیں موجود ہیں۔ ان جھیلوں کا نظارہ کرنے کے لیے یہاں سات ’روٹس‘ یا گزر گاہیں اور چار ہائیکنگ ٹریلز بھی موجود ہیں۔
جھیل کی حفاظت، سب کی ذمہ داری
یہ پارک سیاحوں کے لیے پورا سال کھلا رہتا ہے لیکن وہاں کی انتظامیہ کی جانب سے چند چیزوں پر سخت پابندی عائد ہے مثلاﹰ پودے یا پھول توڑنا، جانوروں یا جھیل میں پائی جانے والی مچھلیوں کو کھانا کھلانا اور کوڑا پھیکنا۔ اس کے علاوہ جھیلوں میں تیراکی کی بھی اجازت نہیں ہے۔
پلیٹ ویٹسا لیکس آنے سے پہلے چند حفاطتی اقدامات
اگر آپ اس پارک کے حسین قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو آپ کو چند اور ہدایات پر عمل کرنے کی بھی ضرورت ہے، جیسے یہاں آنے سے پہلے موسم کے مناسب ہونے کا خیال رکھنا، مناسب لباس زیب تن کرنا اور ایسے جوتے پہننا جو چلنے میں آرام دہ ہوں۔