1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمفرانس

ٹیلی گرام کے بانی پاویل دوروف فرانس میں گرفتار

25 اگست 2024

فرانسیسی پولیس نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ارب پتی بانی اور سی ای او پاویل دوروف کو پیرس کے ایک مضافاتی ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا ہے۔ 39 سالہ روسی نژاد پاویل دوروف کون ہیں؟

https://p.dw.com/p/4jtSH
فرانسیسی پولیس نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ارب پتی بانی اور سی ای او پاویل دوروف کو پیرس کے ایک مضافاتی ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا ہے
فرانسیسی پولیس نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ارب پتی بانی اور سی ای او پاویل دوروف کو پیرس کے ایک مضافاتی ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا ہےتصویر: STEVE JENNINGS/GETTY IMAGES NORTH AMERICA/AFP

خبر رساں ادارے اے ایف پی اور روئٹرز کے مطابق دوروف کو مقبول میسجنگ ایپ ٹیل گرام سے متعلق جرائم کے سلسلے میں جاری ہونے والے ماضی کے وارنٹ پر گرفتار کیا گیا ہے۔ فرانسیسی نشریاتی ادارے ٹی ایف ون کے مطابق دوروف آذربائیجان سے اپنے ایک پرائیویٹ جیٹ کے ذریعے سفر کر رہے تھے اور انہیں مقامی وقت رات آٹھ بجے کے قریب  پیرس کے مضافاتی ایئرپورٹ لے بورژے سے گرفتار کیا گیا۔

انہیں آج اتوار کے روز کسی وقت عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واٹس ایپ، ٹیلی گرام یا سگنل، کونسی ایپ زیادہ محفوظ؟

دوروف سے تفتیش کیوں کی جا رہی ہے؟

 دوروف پر شبہ ہے کہ وہ مجرمانہ مقاصد کے لیے اپنے پلیٹ فارم کے استعمال کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ماضی میں فرانس میں نابالغوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی ایجنسی 'او ایف ایم آئی این‘ نے فراڈ، منشیات کی اسمگلنگ، سائبر دھونس، منظم جرائم اور دہشت گردی کو فروغ دینے سمیت کئی دیگر مبینہ جرائم کی ابتدائی تحقیقات کے حصے کے طور پر دوروف کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

فرانسیسی پولیس نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ارب پتی بانی اور سی ای او پاویل دوروف کو پیرس کے ایک مضافاتی ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا ہے
فرانسیسی پولیس نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ارب پتی بانی اور سی ای او پاویل دوروف کو پیرس کے ایک مضافاتی ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا ہےتصویر: Albert Gea/REUTERS

ایک تفتیش کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے، ''ٹیلی گرام کو مزید استثنیٰ فراہم نہیں کیا جا سکتا۔‘‘ اس تفتیش کار کا مزید کہنا تھا کہ انہیں یہ جان کر حیرانی ہوئی کہ دوروف پیرس میں ہیں، اس کے باوجود کہ انہیں علم تھا کہ یہاں وہ مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔ فوربز نے دوروف کی دولت کا اندازہ 15.5 بلین ڈالر لگایا تھا۔

ٹیلی گرام کیا ہے؟

فیس بک، یوٹیوب، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے بعد ٹیلی گرام دنیا کے اہم ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے۔ فی الحال اس کا ہدف اگلے سال تک ایک بلین فعال صارفین تک پہنچنے کا ہے۔  39 سالہ روسی نژاد دوروف کے پاس مبینہ طور پر فرانسیسی شہریت ہے۔ انہوں نے سن 2013 میں اپنے بھائی نکولائی کے ساتھ مل کر ٹیلی گرام کی بنیاد رکھی تھی۔

فیس بک، یوٹیوب، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے بعد ٹیلی گرام دنیا کے اہم ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے
فیس بک، یوٹیوب، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے بعد ٹیلی گرام دنیا کے اہم ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں سے ایک ہےتصویر: Marcello Casal Jr/Agencia Brazil/dpa/picture alliance

دوروف نے سن 2014 میں اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'وی کے‘  پر اپوزیشن کمیونٹیز کو بند کرنے کے حکومتی مطالبات کی تعمیل کرنے سے انکار کرنے کے بعد روس چھوڑ دیا تھا تاہم انہوں نے بعد میں 'وی کے‘ نامی پلیٹ فارم بھی فروخت کر دیا تھا۔

نافو، آن لائن روسی پروپیگنڈے کے خلاف گلوبل انٹرنیٹ آرمی

 روس کی جانب سے یوکرین پر مکمل حملے کے آغاز کے بعد سے ٹیلی گرام یوکرین جنگ اور اس تنازع کے ارد گرد کی سیاست کے بارے میں غیر فلٹرڈ اور گمراہ کن مواد کا بنیادی ذریعہ بن  چکا ہے۔ روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس نے رپورٹ کیا ہے کہ فرانس میں پاویل دوروف کی گرفتاری کی اطلاعات کے بعد روسی سفارت خانہ صورتحال کو واضح کرنے کے لیے ''فوری اقدامات‘‘ کر رہا ہے۔

یہ میسجنگ ایپ روس میں سب سے اہم آن لائن نیٹ ورکس میں سے ایک ہے۔ اسے بہت سے  روسی حکام اور سیاستدان مواصلات کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ٹیلی گرام روس، یوکرین اور سابق سوویت یونین کی ریاستوں میں بہت زیادہ اثر و رسوخ رکھتی ہے۔

ا ا / ع ت (اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)