نیویارک: پارک میں فائرنگ میں ایک شخص ہلاک، چھ زخمی
29 جولائی 2024روچیسٹر پولیس نے بتایا کہ اتوار کی شام کو روچیسٹر میں پارک کے اندر فائرنگ کے واقعے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور چھ دیگر افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
اس بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟
نیویارک پوسٹ نے روچیسٹر پولیس کے حوالے سے بتایا کہ انہیں شام کو چھ بجکر 20 منٹ کے قریب اطلاع ملی کہ میپل ووڈ پارک میں ایک بڑے مجمع پر فائرنگ کی گئی ہے، جس میں کئی لوگوں زخمی ہو گئے ہیں۔
روچیسٹر پولیس کے کیپٹن گریگ بیلو نے بتایا کہ فائرنگ میں ایک شخص کی موت ہو گئی جس کی عمر بیس سال سے زیادہ تھی۔ ایک دوسرا شخص بھی بری طرح زخمی ہوا ہے اور اس کی حالت نازک ہے، جب کہ پانچ دیگر زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
امریکہ: فائرنگ میں تین پولیس افسران ہلاک، پانچ زخمی
امریکہ: سپر باؤل پریڈ پر فائرنگ میں ایک شخص ہلاکِ،متعدد زخمی
بیلو نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اب تک جاری نہیں کی گئی ہے۔ اس کے اہل خانہ کی طرف سے اس کی اجازت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
روچیسٹر پولیس نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کے وقت پارک کے اندر ایک پارٹی ہو رہی تھی اور کافی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
فائرنگ کے بعد وہاں افراتفری مچ گئی اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد روچیسٹر پولیس کے علاوہ نیویارک اسٹیٹ پولیس کے اہلکار جائے واقعہ پر پہنچ گئے۔
امریکہ: اندھا دھند فائرنگ میں کم از کم 22 افراد ہلاک
امریکہ: اسکول گریجویشن تقریب میں فائرنگ، دو افراد ہلاک
گریگ بیلو نے بتایا، "ہمیں ابھی یہ معلوم نہیں کہ کتنے لوگ گولیاں چلارہے تھے۔ ہم زیادہ سے زیادہ گواہوں سے بات چیت کرکے اس سلسلے میں اطلاعات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔"
فی الحال کسی کی گرفتاری نہیں
روچیسٹر پولیس کے کیپٹن گریگ بیلو نے بتایا،"اب تک کسی مشتبہ شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔"
انہوں نے کہا، "اتوار کے روز فائرنگ کے واقعے میں جو شخص بھی ملوث رہا ہے یا جو لوگ بھی ملوث رہے ہوں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جو کچھ بھی ہوا ہے وہ ہمارے سماج کے لیے واضح طورپر ناقابل قبول ہے۔"
امریکہ میں فائرنگ کے واقعات
امریکہ میں فائرنگ کے ایسے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ ایک ہفتہ قبل مسی سپی میں ایک نائٹ کلب میں ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک اور 16دیگر کو زخمی کردیا تھا۔
گزشتہ ماہ 22 جون کو ارکنساس میں ایک شخص نے گروسری اسٹور میں فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ اس واقعے میں دس دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔
ممفس میں ایک پارک میں گزشتہ اپریل میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو افرادہلاک اور 14دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ حملہ آور نے ایک تقریب کے دوران فائرنگ شروع کردی تھی۔ اس تقریب میں تین سو سے زیادہ افراد موجود تھے۔
ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز)