فلپائن افغانوں کی 'محدود تعداد' کی میزبانی پر رضامند
20 اگست 2024اس پروگرام پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور تفصیلات پر دونوں حکومتوں کی طرف سے ابھی بھی بات چیت کی جا رہی ہے اور دونوں کا کہنا ہے کہ ویزہ کے درخواست دہندگان کی صرف ایک "محدود تعداد" کا احاطہ کیا جائے گا۔ دونوں نے ویزے کے قطعی اعداد و شمار ظاہر نہیں کیے ہیں۔
ممکنہ طور پر ہزاروں مسلمان پناہ کے متلاشیوں کو عارضی طور پر قیام کرنے کی اجازت دینے کا معاملہ جب گزشتہ سال پہلی مرتبہ کیتھولک اکثریتی فلپائنی عوام کے سامنے آیا تو اس پروگرام کو سکیورٹی اور دیگر بنیادوں پر گھریلو مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان افغان پناہ گزینوں کے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، امریکہ
امریکہ میں فلپائن کے سفیر جوز مینوئل رومالڈیز نے کہا کہ تقریباً 50,000 أفغان شہری ویزا کے متلاشی ہیں، جن میں ان لوگوں کے خاندان بھی شامل ہیں، جنہوں نے امریکی حمایت یافتہ حکومت کے لیے کام کیا تھا۔
سفارت خانے کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ معاہدے کے تحت درخواست دہندگان امریکی محکمہ خارجہ کے کوآرڈینیٹر فار افغان ریلوکیشن ایفورٹس کے ذریعے چلائی جانے والی قیام گاہوں میں رہیں گے۔
عارضی قیام کے شرائط
فلپائنی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہر امیدوار کو پہلے فلپائن کا ویزا حاصل کرنا ہو گا اور افغانستان میں طبی معائنہ کرانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں 59 دن سے زیادہ نہیں رہ سکتے ہیں اور قونصلر انٹرویو کے لیے سفارت خانے میں جانے کو چھوڑ کر بقیہ اوقات مخصوص علاقے تک محدود رہیں گے۔
واشنگٹن ملک میں قیام کے دوران خوراک، رہائش، سکیورٹی، طبی اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام "ضروری خدمات" فراہم کرے گا۔
نائن الیون کے حملوں کے بعد شروع ہونے والی واشنگٹن کی طویل ترین جنگ کو ختم کرنے کے لیے امریکی اور اتحادی افواج کی أفغانستان سے واپسی کے بعد اگست 2021 کے افراتفری کے دوران دسیوں ہزار افغان اپنے ملک سے فرار ہو گئے۔
آخری امریکی فوجی کی رخصتی کا دن اب افغانستان میں قومی تعطیل
بہت سے لوگ جنہوں نے معزول مغربی حمایت یافتہ حکومت کے ساتھ کام کیا تھا ایک خصوصی تارکین وطن ویزا پروگرام کے تحت دوبارہ آبادکاری کی تلاش میں امریکہ پہنچے تھے، لیکن ہزاروں افراد اب بھی پیچھے رہ گئے ہیں یا تیسرے ممالک میں اپنے ویزوں کی کارروائی کا انتظار کر رہے ہیں۔
افغانستان کے طالبان حکمرانوں کا اصرار ہے کہ مغربی طاقتوں یا سابقہ حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، اور جو لوگ واپس چلے گئے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں کہ وہ واپس جائیں اور ملک کی تعمیر نو میں مدد کریں۔
ج ا⁄ ص ز (اے ایف پی)