1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ پر اسرائيلی حملے جاری، مشرق وسطیٰ میں حالات کشيدہ

4 اگست 2024

حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد مشرق وسطیٰ میں حالات کشيدہ ہيں۔ غزہ ميں تازہ اسرائيلی حملوں ميں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ تل ابیب میں ايک فلسطينی حملہ ‌آور کی کارروائی کے نتیجے میں دو اسرائيلی مارے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4j5dw
Nahost-Konflikt - Palästina Bani Suhayla
تصویر: Bashar Taleb/AFP

غزہ پٹی ميں اتوار کی صبح اسرائيلی فوج کے تازہ حملوں ميں کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ دوسری جانب تل ابيب ميں ايک فلسطينی حملہ آور نے چاقو سے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو ہلاک کر ديا۔

قطر میں اسماعیل ہنیہ کی آخری رسومات میں ہزاروں افراد کی شرکت

اسرائیل کی خان یونس میں کارروائی مکمل، سینکڑوں لاشیں برآمد

گولان راکٹ حملہ: دشمن کو سختی سے نشانہ بنائیں گے، اسرائیل

اسرائيل کی ايک ريسکيو سروس کے مطابق اتوار کو ايک فلسطينی حملہ آور نے چاقو سے دو معمر افراد کو قتل کر ديا جبکہ دو ديگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ ہلاک ہونے والی خاتون کی عمر 70 برس کے لگ بھگ تھی جبکہ مرد کی عمر 80 کے قريب تھی۔ پوليس کے مطالق حملہ آور کو بھی جوابی کارروائی ميں ہلاک کر ديا گيا ہے اور ديگر ممکنہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ فی الحال اس واقعے کی مزيد تفصيلات سامنے نہيں آ سکيں۔

تل ابيب ميں ايک فلسطينی حملہ آور نے چاقو سے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو ہلاک کر ديا
تل ابيب ميں ايک فلسطينی حملہ آور نے چاقو سے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو ہلاک کر دياتصویر: Mostafa Alkharouf /picture alliance/Anadolu

غزہ ميں اسرائيلی حملوں کا سلسلہ جاری

دريں اثناء غزہ ميں الاقصیٰ شہدا ہسپتال کے احاطے ميں پناہ گزينوں کے ايک خيمے پر اسرائيلی حملے ميں کم از کم چار افراد ہلاک اور کئی ديگر زخمی ہو گئے۔ ہلاک شدگان ميں ايک خاتون بھی شامل تھيں۔ دير البلح کے مقام پر واقع يہ ہسپتال غزہ ميں اس وقت مرکزی طبی مرکز ہے، جہاں ہزاروں بے گھر افراد نے خيموں ميں پناہ لے رکھی ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ايک دوسرے حملے ميں ايک مکان کو نشانہ بنايا گيا، جس ميں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان ميں تين بچے، ان کے والدين اور ان کی دادی شامل تھيں۔

وزارت صحت کی جانب سے اتوار کو ہفتے کے اس حملے کی تفصيل بھی جاری کی گئی، جس ميں ايک روز قبل بہ روز ہفتہ ايک اسکول کی عمارت کو نشانہ بنايا گيا۔ اس عمارت ميں بے گھر افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔ حملے ميں 16 افراد ہلاک اور 21 ديگر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

فوری طور پر اتوار کے حملوں پر اسرائيلی فوج کا رد عمل سامنے نہيں آ سکا۔ البتہ ہفتے کو کيے گئے حملے کے بارے ميں فوج نے کہا کہ اس ميں حماس کے ايک کمانڈ سينٹر کو نشانہ بنايا گيا تھا۔ اسرائيل کا دعوی ہے کہ حماس کے رہنما سويلين علاقوں ميں پناہ ليتے ہيں اور اسی ليے انہيں نشانہ بنانے کے ليے ايسے مقامات پر حملے کيے جاتے ہيں۔

يہ امر اہم ہے کہ حماس غزہ کی منتظم تنظيم ہے۔ امريکہ، يورپی يونين اور چند ديگر مغربی ممالک اسے ايک ''دہشت گرد‘‘ تنظيم قرار ديتے ہيں۔ حماس نے گزشتہ برس سات اکتوبر کو جنوبی اسرائيل پر ايک بڑا حملہ کيا تھا، جس ميں لگ بھگ 12 سو اسرائيلی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کے رد عمل ميں شروع ہونے والی وسيع تر اسرائيلی عسکری کارروائی اب بھی جاری ہے۔

غزہ میں جنگ بندی، نیتن یاہو پر بڑھتا دباؤ

 حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک کم از کم 39,550 افراد ہلاک اور 91,128 زخمی ہو چکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ قریب 10 ہزار فلسطینی ابھی تک لاپتہ ہیں۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق ملبے تلے دبے فلسطینیوں کی حقیقی تعداد بھی اب تک کے اندازوں سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

ع س / ا ا (اے پی)