1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages
اشتہار
اشتہار
اشتہار

حالات حاضرہ

عالمی خبریں | 18.01.2022 | 07:57

ایرانی صدر روس کے اہم دورے پر

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی بدھ کو اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ایک اہم ملاقات کر رہے ہیں۔ اقتدار میں آنے کے بعد ابراہیم رئیسی کے اس دورے کو اہم ترین قرار دیا جا رہا ہے۔ سن دو ہزار سترہ کے بعد یہ کسی بھی ایرانی صدر کا پہلا دورہ روس ہے۔ دونوں رہنما ’’دو طرفہ تعاون کے تمام مسائل‘‘ پر گفتگو کریں گے جبکہ ایران کے مغربی ممالک کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات پر بھی گفتگو کی جائے گی۔ ماسکو اور تہران کے درمیان مضبوط سیاسی، اقتصادی اور فوجی تعلقات ہیں جبکہ افغانستان میں بھی ان کے مفادات مشترکہ ہیں۔ یہ دونوں ممالک شامی صدر بشار الاسد کے مرکزی اتحادی بھی ہیں۔

مہاجرین کے خلاف نفرت انگیز تقریر، فرانسیسی صدارتی امیدوار کو جرمانہ

فرانس کے انتہائی دائیں بازو کے صدارتی امیدوار ایرک زیمور کو پیرس کی ایک عدالت نے سن 2020 میں نوجوان تارکین وطن کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ زیمور نے کہا تھا کہ تنہا آنے والے نوجوان تارکین وطن چور، قاتل اور جسنی زیادتی کرنے والوں پر مشتمل ہیں اور انہیں ان کے آبائی ممالک میں واپس بھیج دینا چاہیے۔ سابق میڈیا پنڈت ایرک زیمور اپریل کے انتخابات میں صدر ایمانوئل ماکروں کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایریک اسلام اور تارکین وطن مخالف مہم چلا کر انتخابات جیتنا چاہتے ہیں۔

عالمی سائبر ڈیفنس کی نصف سرمایہ کاری اسرائیل میں کی گئی، وزیراعظم بینیٹ

اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کے مطابق حالیہ چند برسوں کے دوران دنیا میں سائبر ڈیفنس کے حوالے سے جتنی بھی سرمایہ کاری کی گئی، اس میں سے نصف اسرائیل میں کی گئی ہے۔ یہ بات انہوں نے عالمی اقتصادی فورم سے گفتگو کرتے ہوئی بتائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو سائبر ڈیفنس کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر انحصار کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سائبر دفاع کا ایک ’’پاور ہاؤس‘‘ بن چکا ہے۔

امریکی ہوائی اڈوں کے اطراف میں فائیو جی سروس روکنے کا مطالبہ

امریکی ایئرلائنز نے ہوائی اڈوں کے اطراف میں فائیو جی نیٹ ورک نہ مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہیں خدشہ ہے کہ فائیو جی لگانے سے بلندی کا اندازہ کرنا مشکل ہو گا، جس کے سنگین نتائج بر آمد ہو سکتے ہیں۔ امریکا میں 19 جنوری سے فائیو جی کو لانچ کیا جانا ہے تاہم ایئر لائنز چاہتی ہیں کہ اس سے متعلق ضروری احتیاطی تدابیر واضح ہونے تک اسے روک دیا جائے۔ ایئرلائنز کی تنبیہ کے سبب امریکا میں موبائل سروسز فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی مواصلاتی کمپنیاں 'اے ٹی اینڈ ٹی' اور ہورائزن دو بار پہلے ہی اپنی فائیو جی سروسز کے لانچ کو مؤخر کر چکی ہیں۔

یمن، صنعا پر اتحادی افواج کے حملوں میں تقریباﹰ پندرہ افراد ہلاک

یمنی دارالحکومت صنعا میں سعودی عسکری اتحاد کے حملوں میں تقریبا پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ عسکری اتحاد نے منگل کو حوثی باغیوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ حوثی باغیوں کے مطابق تقریبا ایک درجن افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اتحاد کے مطابق سعودی عرب کی طرف روانہ کیے گئے آٹھ ڈرونز کو بھی راستے میں تباہ کیا گیا ہے۔ حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو ایک ایسے وقت میں نشانہ بنایا گیا ہے، جب گزشتہ روز ہی ایرانی حمایت یافتہ ان باغیوں نے ابوظہبی میں ایک آئل ٹینکر پر ڈرون حملہ کیا تھا۔

حوثی باغی سزا سے بچ نہیں پائیں گے، متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی میں حوثی باغیوں کے حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ’’گھناونی حرکت‘‘ کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے اس حملے میں دو بھارتی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ دوسری جانب امریکا اور برطانیہ نے بھی اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق وہ ہر طرح کے خطرات کے خلاف اپنے اماراتی اتحادیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ متحدہ عرب امارات بھی سعودی عرب کی قیادت والے اس فوجی اتحاد میں شامل ہے، جو ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف یمن حکومت کی مدد کر رہا ہے۔

افغانستان میں زلزلہ، کم از کم 26 ہلاکتیں

افغانستان کے مغربی صوبے بدغیس میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم چھبیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی۔ صوبائی ترجمان باز محمد سروری کے مطابق ہلاک ہونے والے چھبیس افراد میں پانچ خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بدغیس صوبے کے ضلع موقر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم ابھی تک ہلاکتوں کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ افغانستان میں ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں واقع علاقے اکثر زلزلے جیسی قدرتی آفات کا شکار رہتے ہیں۔ سن 2015 میں آنے والے 7.5 شدت کے طاقتور زلزلے نے پورے جنوبی ایشیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا، جس میں تقریباﹰ 280 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

برطانیہ یوکرائن کو ٹینک شکن ہتھیار فراہم کرے گا

یوکرائن پر ممکنہ روسی حملے کے خدشات کے پیش نظر برطانیہ یوکرائن کو ہلکے ٹینک شکن ہتھیار فراہم کرنا چاہتا ہے۔ برطانوی وزیر دفاع بین والیس کا پارلیمان میں کہنا تھا کہ اس کا مقصد یوکرائن کی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔ والیس کا زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ اسٹریٹجک ہتھیار نہیں ہیں اور روس کو ان سے خطرہ محسوس نہیں کرنا چاہیے۔ برطانوی وزیر دفاع کے مطابق ملکی فوج کے جوانوں کی ایک قلیل تعداد وہاں یوکرائنی فوج کو مختصر وقت کے لیے ہتھیاروں کے استعمال کی تربیت بھی فراہم کرے گی۔ ابھی تک روس نے اس حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا۔

سوڈان میں سات مظاہرین ہلاک، درجنوں زخمی

سوڈان میں پیر کو احتجاجی مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے کم از کم سات افراد ہلاک اور ایک سو کے قریب زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ واقعہ ملک میں عبوری سویلین حکومت کی بحالی کے لیے امریکی سفارت کاروں کی آمد سے پہلے پیش آیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تمام فریقین سے حتی الامکان تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ گزشتہ برس ملک میں ہونے والی فوجی بغاوت کے خلاف پیر کے روز دارالحکومت خرطوم میں ہزاروں افراد نے فوج کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔ مظاہرین جب صدارتی محل کی طرف جا رہے تھے تو سکیورٹی فورسز نے ان پر آنسو گیس کے شیل داغے اور فائرنگ کی۔

کورونا پابندیوں کے خلاف جرمنی بھر میں احتجاجی مظاہرے

کورونا پابندیوں کے خلاف ایک مرتبہ پھر جرمنی کے متعدد شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔ ہر پیر کی شام ایسے مظاہرے اب معمول بنتے جا رہے ہیں۔ پولیس کے اندازوں کے مطابق گزشتہ شام مجموعی طور پر تقریبا ستر ہزار افراد ان مظاہروں میں شریک ہوئے۔ دوسری جانب ایسے افراد نے بھی ریلیاں نکالیں، جو کورونا پابندیوں اور اس حوالے سے حکومتی پالیسیوں کے حق میں ہیں۔ تاہم زیادہ تر یہ مظاہرے پر امن رہے۔ حالیہ چند ماہ سے نہ صرف جرمنی بلکہ یورپ کے متعدد ممالک میں کورونا پابندیوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔

ویڈیو دیکھیے 03:00
ویڈیو دیکھیے 04:22
آڈیو سنیے 04:00
اشتہار

ڈی ڈبلیو پکچر گیلری

ڈی ڈبلیو ویڈیو