1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages
اشتہار
اشتہار
اشتہار

حالات حاضرہ

عالمی خبریں | 16.01.2022 | 06:00

بھارت کی انہتر فیصد بالغ آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہو گئی، مودی حکومت کا اعلان

وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے آج اتوار کے روز اعلان کیا کہ بھارت کی انہتر فیصد بالغ آبادی کی کورونا ویکسینیشن مکمل ہو گئی ہے۔ یہ اعلان عوام کی ویکسینیشن کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا۔ اسی دوران گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں دو لاکھ اکہتر ہزار سے زائد نئی کورونا انفیکشنز بھی ریکارڈ کی گئیں۔ یہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ریکارڈ کی گئی نئی انفیکشنز کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔ ملکی وزارت صحت کے مطابق کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد اب سینتیس اعشاریہ ایک ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ کووڈ انیس کے باعث م‍زید تین سو چودہ افراد کی موت کے بعد بھارت میں ایسی ہلاکتوں کی تعداد اب چار لاکھ چھیاسی ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

نوواک جوکووچ کی آسٹریلیا سے ملک بدری کے خلاف اپیل مسترد، وطن واپسی آج ہی

آسٹریلیا کی ایک وفاقی عدالت کے تین ججوں نے آج اتوار کے روز ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ کی ان کی ممکنہ ملک بدری کے خلاف اپیل متفقہ طور پر مسترد کر دی۔ یوں ان کے لیے آسٹریلین اوپن میں کھیلنا اور اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ممکن نہ رہا۔ سربیا سے تعلق رکھنے والے چونتیس سالہ جوکووچ نے آج تک کووڈ انیس کے خلاف اپنی ویکسینیشن نہیں کرائی۔ ان کے آسٹریلین امیگریشن کی طرف سے ایئر پورٹ پر ہی روک لیے جانے کی وجہ بھی یہی تھی اور اسی لیے ان کا ویزا بھی منسوخ کر دیا گیا تھا۔ سربیا کی حکومت نے ان کی ملک بدری کو اسکینڈل کا نام دیا ہے۔ مختلف نیوز ایجنسیوں کے مطابق جوکووچ آج ہی آسٹریلیا سے براستہ دبئی واپس سربیا روانہ ہو جائیں گے۔

مغربی ایران کے کئی شہروں میں بڑے دھماکوں کی وجہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات

ایرانی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک کے کئی مغربی شہروں میں آج اتوار کی صبح سنے جانے والے بڑے دھماکوں کی وجہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات تھے۔ تہران میں وزارت داخلہ کے اہلکار ماجد میراحمدی نے سرکاری خبر رساں ادارے اِرنا کو بتایا کہ آج بہت سے دھماکوں کی آوازوں کی فوج اور پولیس کی مدد سے چھان بین سے پتہ چلا ہے کہ ان کی وجہ کچھ اور نہیں بلکہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات تھے۔

حزب اللہ اور امل موومنٹ کا لبنانی کابینہ کے اجلاسوں کا بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ

لبنان کے طاقت ور سیاسی گروپ حزب اللہ اور امل تحریک نے ملکی کابینہ کے اجلاسوں کا بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے اس ملک میں وزیر اعظم نجیب میقاتی کی کابینہ کا گزشتہ تقریباﹰ تین ماہ میں ایک بھی اجلاس نہیں ہو سکا۔ اس کی وجہ بیروت کی بندرگاہ پر سن دو ہزار بیس میں ہونے والے انتہائی ہلاکت خیز دھماکوں کی چھان بین سے متعلق سیاسی اختلافات بنے تھے۔ اس اختلاف رائے اور حکومتی جمود کے باعث لبنانی معیشت کو شدید ترین مسائل کا سامنا ہے۔ ملکی کرنسی کی قدر بہت کم ہو چکی ہے اور عوام کو ایندھن کی قلت کے شدید بحران کا سامنا بھی ہے۔

ایرانی نژاد فرانسیسی ماہر بشریات فریبا عادلخواہ دوبارہ جیل میں

ایرانی نژاد فرانسیسی ماہر بشریات فریبا عادلخواہ کو دوبارہ جیل بھیج دیا گیا ہے۔ یہ بات آج اتوار کے روز ایرانی عدلیہ کی طرف سے بتائی گئی۔ کہا گیا ہے کہ باسٹھ سالہ عادلخواہ کو جیل سے منتقل کر کے ان کے گھر پر نظر بند کر دیا گیا تھا۔ تاہم ملکی عدلیہ کے نائب سربراہ کاظم غریب آبادی کے مطابق انہوں نے گھر پر نظر بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کی، جس پر انہیں دوبارہ جیل بھیج دیا گیا۔

اقوام متحدہ کے کوویکس پروگرام کے تحت مہیا کردہ ویکسینز کی خوراکوں کی تعداد ایک بلین سے متجاوز

اقوام متحدہ کے کورونا وائرس کے خلاف کوویکس پروگرام کے تحت مختلف ممالک کو مہیا کردہ ویکسینز کی خوراکوں کی مجموعی تعداد ایک بلین سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ سنگ میل کل ہفتے کے روز افریقی ملک روانڈا کو مہیا کی گئی ویکسینز کے ساتھ عبور کیا گیا۔ دنیا بھر میں کورونا ویکسینز کی ترسیل کے لیے کوویکس پروگرام کا آغاز سن دو ہزار بیس میں کیا گیا تھا۔ ان کوششوں کے باوجود دنیا کی چالیس فیصد آبادی کو ابھی تک کورونا ویکسین کا ایک بھی ٹیکا نہیں لگا۔ کوویکس پروگرام کے تحت اب تک دنیا کے ایک سو چوالیس ممالک کو ویکسینز مہیا کی جا چکی ہیں۔

امریکا میں یہودی عبادت خانے میں چار افراد کو یرغمال بنانے کا واقعہ، ملزم مارا گیا

امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک یہودی عبادت خانے میں چار افراد کو یرغمال بنانے کا واقعہ کل ہفتے کے روز اپنے آغاز کے کئی گھنٹے بعد انجام کو پہنچ گیا۔ ملزم نے ایک یرغمالی کو رہا کر دیا تھا جبکہ باقی تین کو ایف بی آئی نے کارروائی کر کے رہا کرا لیا۔ اس کارروائی میں ملزم مارا گیا۔ یہ واقعہ ٹیکساس کے چھبیس ہزار کی آبادی والے شہر کَولی وِل میں پیش آیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر عافیہ صدیقی کا بھائی ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اس پاکستانی خاتون سائنس دان کو رہا کیا جائے۔ عافیہ صدیقی افغانستان میں امریکی فوجی اہلکاروں کے قتل کی کوششوں کے جرم میں ٹیکساس کی ایک جیل میں چھیاسی برس قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔

بحرالکاہل میں زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے سے ٹونگا میں وسیع تر نقصانات

جنوبی بحرالکاہل میں ایک زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے سے کئی جزائر پر مشتمل ریاست ٹونگا میں وسیع تر نقصانات ہوئے۔ کل ہفتے کے روز سمندر کی تہہ میں یہ آتش فشاں پھٹنے سے راکھ، بھاپ اور گیس کی ایک پانچ کلومیٹر چوڑی چادر متاثرہ سمندری علاقے کی فضا میں بیس کلومیٹر اوپر تک پھیل گئی تھی۔ اس ارضیاتی عمل کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سونامی کے باعث نیوزی لینڈ، جاپان اور امریکا تک کے ساحلی علاقوں میں حکام نے وارننگ جاری کر دی۔ اس آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد ٹونگا کا دارالحکومت نُوکُوآلوفا مٹی اور راکھ کی ایک موٹی چادر کے نیچے دب گیا۔ اس ملک کے کئی ساحلی علاقے بھی سونامی کے باعث زیر آب آ گئے جبکہ بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔

جرمنی، اٹلی، آسٹریا، فرانس اور دیگر یورپی ممالک میں کورونا ویکسینیشن کے خلاف مظاہرے

جرمنی کے مختلف شہروں میں ہزاروں شہریوں نے کل ہفتے کی شام کورونا ویکسینیشن سے متعلق ضابطوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ ایسے مظاہرے جرمنی کے علاوہ فرانس، اٹلی، آسٹریا اور دیگر یورپی ممالک میں بھی کیے گئے۔ جرمن چانسلر اولاف شولس نے حال ہی میں تجویز پیش کی تھی کہ ملک میں تمام بالغ افراد کے لیے کورونا کے خلاف ویکسینیشن لازمی ہونا چاہیے۔ جرمن حکومت چاہتی ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک ملک کی اسی فیصد تک آبادی کی ویکسینیشن ہو جائے۔ گزشتہ روز ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا نیا ریکارڈ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جرمنی میں کورونا وائرس کی ساڑھے باون ہزار سے زائد نئی انفیکشنز اور سینتالیس اموات ریکارڈ کی گئیں۔

افغان طالبان نے ناجائز اور استحصالی اقدامات پر تقریباﹰ تین ہزار ارکان کو اپنی صفوں سے نکال دیا

افغانستان میں حکمران طالبان تحریک نے کہا ہے کہ اس نے تقریباﹰ تین ہزار ارکان کو ناجائز اور استحصالی اقدامات کے باعث سزا کے طور پر اپنی صفوں سے نکال دیا ہے۔ ایک حکومتی اہلکار کے مطابق ایسا طالبان کے گزشتہ برس اقتدار میں آنے کے بعد شروع کیے گئے جواب دہی کے عمل کے دوران کیا گیا۔ افغان وزارت دفاع کے ایک پینل کے سربراہ لطیف اللہ حکیمی نے بتایا کہ مجموعی طور پر دو ہزار آٹھ سو چالیس ارکان کو طالبان تحریک سے نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افراد افغانستان میں اسلامی حکومت کا نام بدنام کر رہے تھے اور اپنی صفوں میں صفائی کے اس عمل کا مقصد مستقبل میں بہتر فوج اور مؤثر پولیس کی تشکیل ہے۔

ویڈیو دیکھیے 02:15
ویڈیو دیکھیے 06:28
آڈیو سنیے 04:00
اشتہار

ڈی ڈبلیو پکچر گیلری

ڈی ڈبلیو ویڈیو