1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سلطانہ صدیقی: پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کا عظیم نام

رپورٹ:کشور مصطفیٰ، ادارت:امجدعلی5 جولائی 2009

چند شعبے ایسے ہیں، جن میں شہرت و کامیابی مردوں ہی کا مقدر سمجھا جاتا ہے۔ جنوبی ایشیائی معاشروں میں خواتین بھی ایسے شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کر چکی ہیں۔

https://p.dw.com/p/IhbL
تصویر: DW-Montage

جنوبی ایشا کی ایک تجربہ کار ٹیلی ویژن پروڈیوسر سلطانہ صدیقی، جنہیں جنوبی ایشیا کی ایسی واحد خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہے، جو کئی ٹیلی ویژن چینلز کی مالک ہیں اور نہایت کامیابی سے اس شعبے میں دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہیں۔ اس وقت پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کا ایک عظیم نام سلطانہ صدیقی ہے۔

سلطانہ صدیقی نے حیدر آباد، سندھ میں آنکھ کھولی۔ وہیں سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے شوق نے انہیں سندھ یونیورسٹی تک پہنچایا۔ وہاں سے انہوں نے علم نفسیات اور تقابلی مذاہب کے شعبے میں بی اے آنرز کیا۔ سلطانہ کی خواہش تھی کہ وہ سول سروس میں جائیں تاہم روایتی انداز میں بے اے آنرز کے بعد ہی ان کی شادی ہو گئی ۔ سلطانہ کا تعلق سندھ کے ایک تعلیم یافتہ گھرانے سے ہے۔

انہیں بچپن ہی سے کھیل کود، فنونِ لطیفہ و موسیقی اور تقریری مقابلوں میں حصہ لینے کا شوق تھا۔ انہوں نے اپنے شوق اور اپنے اندر پائی جانے والی صلاحیتوں کو کبھی دبایا نہیں، بلکہ انہیں اپنی تخلیقی قوت کے بھرپور اظہار کا ذریعہ بنایا۔ انیس سو تہتر، چوہتر سے انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا اور اپنے Live Public shows اور سندھی میوزکلز کے ذریعے اتنی جلدی اور اتنی زیادہ شہرت حاصل کی کہ 1981

سے لے کر سن 2008 ء تک انہیں 15 مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔ سلطانہ صدیقی نے پاکستان ٹیلی وژن پر بحثیت پروڈیسر اور ڈائریکٹر کام کرنا اس وقت شروع کیا، جب میڈیا میں بہت کم خواتین دیکھی جاتی تھیں۔ ان کا غیر معمولی شہرت حاصل کرنے والا ڈرامہ ’ماروی‘ انکی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا، جس کے بعد سے انہوں نے بے شمار ڈرامے پیش کئے اور اُن کی ہدایات دیں۔ سلطانہ سماجی کاموں میں بھی پیش پیش نظر آتی ہیں۔ وہ ’فخر امداد فاؤنڈیشن ‘ نامی ایک این جی او کی ڈائریکٹر اور ایک مشہور پروڈکشن ہاؤس ’مومل‘ کی بانی بھی ہیں۔

آج انہیں جنوبی ایشیا کی واحد خاتون ٹی وی چینل اونر اور ڈائریکٹر کے نام سے پہجانا جاتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ اس وقت سلطانہ صدیقی چار ٹیلی ویژن چینلز کی مالک ہیں اور چاروں کو بہت کامیابی سے چلا رہی ہیں۔