1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سطح سمندر میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اقوام متحدہ

27 اگست 2024

اقوام متحدہ کے سربراہ نے بحرالکاہل میں تیزی سے بڑھتے ہوئے سطح سمندر کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عالمی اوسط کی شرح سے تین گنا زیادہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے گرین ہاؤس گیسیز کے اخراج میں کمی پر زور دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4jwxC
بحرالکاہل کے جزائر
ماحولیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے سے پانی پھیلتا ہے اور پھر یہ درجہ بدرجہ سمندر کی سطح میں اضافے کا باعث بنتا ہےتصویر: Yuri Smityuk/TASS/dpa/picture alliance

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے منگل کے روز سمندر کے تحفظ سے متعلق مہم 'سیو آور سیز' (ایس او ایس) کے بارے میں ایک عالمی  تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بحرالکاہل کے جزائر میں سمندر کا درجہ حرارت عالمی اوسط شرح سے تین گنا زیادہ بڑھ رہا ہے۔

انڈونیشیا کا ماہی گیر قبیلہ اپنی شناخت کی تلاش میں

درجہ حرارت میں اضافے سے پانی پھیلتا ہے اور پھر یہ سمندر کی سطح میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے پیسیفک آئی لینڈز فورم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "میں ٹونگا میں ہوں تاکہ بڑھتی ہوئی سطح سمندر پر 'سیو آور سیز'  سے متعلق ایک عالمی تبنیہ جاری کروں۔ 

گوٹیرش نے مزید کیا کہا؟

اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ بحر الکاہل کے جزائر سمندر کی بڑھتی ہوئی سطح کے اثرات سے "خاص طور پر بے نقاب" ہو چکے ہیں۔

'شدید گرمی کی وبا' انسانیت کو مار رہی ہے، اقوام متحدہ کی تنبیہ

اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈيا پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا، "عالمی سطح پر سمندر کی اوسط سطح گزشتہ 3,000 سالوں سے غیر معمولی شرح سے بڑھ رہی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سمندر بہہ پڑا ہے۔"

گوٹیرش نے ایک حالیہ رپورٹ کے نتائج کے بارے میں بات کی، جس میں بتایا گیا ہے کہ سمندر کی سطح میں اضافے سے سب سے زیادہ جنوب مغربی بحرالکاہل متاثر ہوا ہے۔ اس کے مطابق گزشتہ تین دہائیوں میں بعض جگہیں عالمی اوسط سے دگنی سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔

فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے جرمن عدالت کا سخت حکم

انہوں نے کہا کہ بحرالکاہل کے جزائر سطح سمندر سے صرف ایک یا دو میٹر ہی بلند ہیں اور اس وجہ سے خاص طور پر کافی کمزور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "نصف بنیادی ڈھانچہ بھی سمندر کے 500 میٹر کے اندر ہی ہے۔"

آب وہوا کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 30 سالوں میں بحرالکاہل کے کچھ حصوں میں سمندروں کی سطح میں 15 سینٹی میٹر کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ عالمی اوسط 9.4 سینٹی میٹر ہے۔

انٹونیو گوٹیرش
بحرالکاہل کے جزائر فورم کے اٹھارہ ارکان نے ٹونگا میں ایک ہفتے تک اجلاس کے دوران موسمیاتی تبدیلی اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاتصویر: Charlotte Graham-McLay/AP Photo/picture alliance

انٹونیو گوٹیرش نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کی، "وجہ واضح ہے: معدنی ایندھن کو جلانے سے گرین ہاؤس گیسیں بہت زیادہ پیدا ہوتی ہیں، جو  ہمارے سیارے کو گرم کر رہی ہیں۔ اور حقیقت میں ساری گرمی سمندر جذب کر رہا ہے۔"

پلاسٹک کوٹنگ عمارتوں کو ٹھنڈا اور گرم رکھ سکتی ہے

ان کا مزید کہنا تھا، "سمندر کی بڑھتی ہوئی سطح طوفانوں اور ساحلی سیلاب کی تعدد اور ان کی شدت کو بڑھا رہے ہیں۔ اس طرح کے سیلاب ساحل پر بسنے والی برادریوں کو دلدل میں لے جاتے ہیں اور ماہی گیری کو تباہ کرتے ہیں۔ فصلوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ تازہ پانی کو آلودہ کرتے ہیں۔ یہ تمام چیزیں بحرالکاہل کے جزیروں پر بسی قوموں کو شدید خطرے میں ڈالتی ہیں۔"

پیسیفک آئی لینڈز فورم

بحرالکاہل کے جزائر فورم کے اٹھارہ ارکان نے ٹونگا میں ایک ہفتے تک اجلاس کے دوران موسمیاتی تبدیلی اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پیسیفک آئی لینڈز فورم میں آسٹریلیا، کوک آئی لینڈز، فیڈریٹڈ اسٹیٹس آف مائیکرونیشیا، فجی، فرانسیسی پولینیشیا، کریباتی، نورو، نیو کیلیڈونیا، نیوزی لینڈ، نیو، پالاؤ، پاپوا نیو گنی، جمہوریہ مارشل آئی لینڈ، ساموا، جزیرہ سلیمان، تووالو، اور وانواتو ٹونگا پر مشتمل ہے۔

درخت ہمارے لیے کیا کرتے ہیں اور ہمیں ان کی ضرورت کیوں ہے؟

اس فورم کا رکن آسٹریلیا دنیا میں کوئلے کے سب سے بڑے برآمد کنندگان میں سے ایک ہے۔ گوٹیرش نے کہا کہ معدنی ایندھن کا استعمال بالآخر مرحلہ وار ختم ہونا چاہیے۔ جب آسٹریلیا کے بارے میں ان سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ "مختلف ممالک میں صورتحال مختلف ہے۔"

کمزور ممالک کے لیے عالمی مدد کا مطالبہ

گوٹیرش نے خبردار کیا کہ اگر عالمی اخراج کو کم نہیں کیا گیا، تو بحرالکاہل کے جزائر میں سن 2050 تک سمندر کی سطح میں 15 سینٹی میٹر (5.9 انچ) کے اضافے کا امکان ہے، جس سے ساحلی علاقوں میں سال کے 30 دنوں تک سیلاب کی توقع ہے۔

یورپی یونین کا فطرت کی بحالی کا متنازعہ قانون منظور

گوٹیرش نے عالمی رہنماؤں سے کہا کہ وہ کمزور ممالک میں "موسمیاتی موافقت کی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ "ترقی یافتہ ممالک کو اپنے (مالی) وعدوں کو پورا کرنا ہوگا، جس میں سن 2025 تک ہر سال کم از کم 40 بلین تک موافقت کی مالیات کو دوگنا کرنے کا عزم بھی شامل ہے۔"

گزشتہ برس اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہی اجلاس میں موسمیاتی آفات سے متاثرہ غریب ممالک کی مدد کے لیے "تباہی اور نقصان" سے متعلق ایک فنڈ کو منظور کیا گیا تھا۔ تاہم امیر ممالک سے فنڈز کو حاصل کرنا اب بھی ایک اہم چیلنج ہے۔

ص ز/ ج ا (ڈی پی اے، اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)

تھائی لینڈ: سطح سمندر بلند ہونے کے باعث ساحلی علاقہ زیر آب