جرمن کمپنی بوش کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل متوقع
23 جولائی 2024جرمن کمپنی بوش کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہیٹنگ اور ماحولیات کی ٹیکنالوجی کے ڈویژن کے لیے کئی ارب یورو کے ایک معاہدے پر کام کر رہی ہے، جو کہ اس کی اب تک کی سب سے بڑی ڈیل ہو گی۔
جرمن شہر اشٹٹ گارٹ کے قریب واقع بوش کے ہیڈکوارٹرز سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ آئرش کمپنی جانسن کنٹرولز سے اس کے رہائشی اور نسبتاﹰ چھوٹی کمرشل عمارات کے لیے ہیٹنگ، وینٹیلیشن اور ایئر کنڈیشننگ کی مصنوعات اور خدمات کی فراہمی کے کاروبار کو خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس معاہدے کے تحت بوش جانسن کنٹرولز اور جاپانی کمپنی ہٹاچی کے ایئر کنڈیشننگ کے مشترکہ کاروبار کو مکمل طور پر خریدنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔
بوش کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے شیئر ہولڈرز اور نگران بورڈ نے اس ڈیل کی منظوری دے دی ہے اور اس معاملے سے متعلق معاہدوں پر آج ہی فریقین نے دستخط بھی کیے ہیں۔
اگر متعلقہ حکام بھی اس آٹھ بلین ڈالر کی ڈیل کی منظوری دے دیتے ہیں تو بوش کی جانب سے اس کاروبار کو خریدنے کا عمل متوقع طور پر 12 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔
بوش کے چیف ایگزیکٹو اشٹیفن ہارٹونگ کا کہنا ہے کہ یہ کمپنی کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ڈیل کے ذریعے بوش امریکہ اور ایشیا کی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنائے گی۔
بوش جانسن کنٹرولز کے کاروبار کی خریداری کے بعد اسے اپنے ہوم کمفرٹ گروپ میں ضم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
م ا ⁄ ا ا (ڈی پی اے)