جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
20 اگست 2024جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے ترک نژاد کپتان الکائے گُن دوآن نے بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس تینتیس سالہ مڈ فیلڈر نے بیاسی میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کے بعد پیر کے روز اپنے بین الاقوامی کیرئیر کے اختتام کا اعلان کیا۔ گُن دوآن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ''چند ہفتوں تک جائزہ لینے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ وقت آگیا ہے کہ میں قومی ٹیم کے ساتھ اپنے کیرئیر کا اختتام کر دوں۔‘‘
گُن دوآن نے اکتوبر2011 میں بیلجیم کے خلاف جرمن قومی ٹیم کے لیے اپنا ڈیبیو کیا تھا لیکن کمر کی انجری کی وجہ سے وہ 2014 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم میں شمولیت سے محروم رہے تھے۔ انہوں نے کہا، ''میں بڑے فخر کے ساتھ پیچھے مڑ کر اپنے ملک کے لیے کھیلے گئے 82 میچوں کو دیکھ سکتا ہوں۔ یہ ایک ایسی تعداد ہے، جس کا میں نے اُس وقت خواب میں بھی نہیں سوچا تھا، جب میں نے 2011 میں قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کا آغاز کیا تھا۔‘‘
گُن دوآن نے کہا کہ جرمنی نے حال ہی میں یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کی میزبانی کی اور اس ایونٹ کے دوران قومی ٹیم کا کپتان ہونا ایک ''بہت بڑا اعزاز‘‘ تھا۔ انہوں نے مزید کہا، ''ان تمام برسوں کے بعد ہم آخرکار قوم کو دوبارہ فخر دلانے میں کامیاب ہوئے، مجھے بہت خوشی ہے کہ میں اس میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل تھا۔‘‘
جرمن فٹ بال فیڈریشن نے گُن دوآن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ''ہم اپنے کپتان اور ساتھی کے طور پر آپ کی کمی محسوس کریں گے۔ ہمارے دوست کی حیثیت سے، آپ کو ہمیشہ ٹیم میں ایک مقام حاصل رہے گا۔ ہر چیز کے لیے آپ کا شکریہ، ایلی!‘‘
گُن دوآن کلب فٹ بال کھیلنا جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں حالانکہ ایسی قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ وہ اس موسم گرما میں ایف سی بارسلونا بھی چھوڑ دیں گے۔
ش ر⁄ ا ا (ایس آئی ڈی، ڈی پی اے، اے ایف پی)