جرمنی میں ٹیسلا فیکٹری ملازمین کے پینسٹھ ہزار کافی کپ غائب
11 جولائی 2024امریکی الیکٹرک کار ساز کمپنی ٹیسلا کے جرمن دارلحکومت برلن کے قریب واقع پلانٹ میں ملازمین کے استعمال کے لیے رکھے گئےکافی کے ہزاروں کپ غائب ہو جانے کی اطلاع ہے۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق گرون ہائیڈ کے علاقے میں واقع فیکٹری کے مینیجر آندرے تھیریگ نے عملے کی ایک میٹنگ میں اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہاکہ کل 65,000 کافی کپ غائب پائے گئے ہیں۔
بدھ کے روز ہینڈلزبلاٹ نامی جرمن بزنس اخبار نے ٹیسلا کے پلانٹ پر عملے کی میٹنگ کے حوالے سے بتایا کے اس دوران منیجر نے مزاحیہ انداز میں ملازمین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ''اعداد و شمار کے حساب سے آپ میں سے ہر ایک کے پاس گھر میں پہلے ہی آئکیا کے پانچ کافی کپ موجود ہیں۔‘‘
تھیریگ نے واضح کیا کہ غائب شدہ کپس کے بارے میں ان کے تبصرے کا مقصد کسی پر الزام عائد کرنا نہیں تھا۔ انہوں نے اس میٹنگ میں دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا، جن میں فیکٹری کے تقریباً 12,000 ملازمین کے لیے ایک نیا جم متعارف کرانا بھی شامل ہے۔
ٹیسلا نے وقت کے ساتھ ساتھ اپنے ملازمین کے لیے کافی کے متعدد کپ لیے تھے، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ وہ آہستہ آہستہ کہاں غائب ہو گئے ہیں۔ یہ مسئلہ صرف ٹیسلا کو ہی درپیش نہیں بلکہ چند دوسری کمپنیوں کو بھی اس کا سامنا ہے۔
ابھی تک یہ طے نہیں کہ آیا گم شدہ کپس کی جگہ متبادل کپس کا بندو بست کیا جائے گا۔ پلانٹ میں قائم چھوٹے سائز کے کچن سے کٹلری غائب ہونے کی وجہ سے اب وہاں مزید کٹلری کی فراہمی بند کی جاچکی ہے اور اب ٹیسلا نے اب اپنے ہاں ڈسپوزایبل کپس متعارف کرا دیے ہیں۔
امریکی ارب پتی ایلون مسک کی ملکیتی کمپنی ٹیسلا نے دو سال سے زائد عرصہ قبل برلن کے قریب گرون ہائیڈ میں یورپ میں اپنی واحد الیکٹرک کار ساز فیکٹری کھولی تھی۔ اب یہاں کاروں کی پیداوار میں مزید توسیع کی توقع ہے اور اس سلسلے میں ریاست برانڈنبرگ سے منظوری لینے کے طریقہ کار پر عمل شروع کیا جا چکا ہے۔
ش ر⁄ م ا (ڈی پی اے)